پیسے بی جے پی سے لے کر کانگریس کے خلاف مقابلہ، ورنگل میں راہول گاندھی کی پدیاترا
حیدرآباد۔/17نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی نے سنسنی خیز ریمارک کیا کہ کانگریس کو ہرانے مجلس بی جے پی سے پیسے لیتی ہے اور ہر ریاست میں ان کا ریٹ الگ الگ ہے۔ ورنگل (ایسٹ ) حلقہ میں راہول گاندھی نے کانگریس امیدوار کنڈہ سریکھا کے ہمراہ پدیاترا کی جس میں ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی۔ جلسہ سے خطاب میں راہول گاندھی نے بی آر ایس، بی جے پی اور مجلس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ تینوں ایک ہیں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کی لڑائی بی آر ایس اور بی جے پی سے ہے دونوں ایک طاقت ہیں ایک دہلی میں دوسرا تلنگانہ میں کام کرتا ہے، دونوں ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین تلنگانہ میں اکڑ کر گھوم رہے تھے لیکن کانگریس نے 15 دن میں ان کی گیس نکال دی۔ ہم نے مودی کی گاڑی کے چاروں ٹائرس پنکچر کردیئے اب وہ تلنگانہ میں دکھائی نہیں دیں گے لیکن درپردہ کے سی آر کی مدد کریں گے۔ بی جے پی کارکنوں کو بتایا گیا کہ کانگریس کو ہرانے بی آر ایس کی مدد کرنا اور بی آر ایس کو کامیاب بنانا ہے۔ لوک سبھا میں اپنی تائید سے بی آر ایس کو مودی کی مدد کرتے دیکھا ہوں، مودی کے اشارہ پر بی آر ایس ارکان کام کرتے تھے۔ جب بھی مودی کو ضرورت پڑی نوٹ بندی، جی ایس ٹی اور کسان قانون میں مدد کیلئے بی آر ایس ارکان آگے آئے۔ راہول نے کہا کہ تیسری پارٹی مجلس ہے جہاں کہیں بی جے پی سے مقابلہ کیلئے کانگریس کھڑی ہوتی ہے مجلس بی جے پی کی مدد کیلئے کود پڑتی ہے۔ مہاراشٹرا آسام، راجستھان و چھتیس گڑھ میں یہی ہوا، الگ الگ ریاست میں ان کا الگ الگ ریٹ ہے۔ پیسہ لیتے ہیں بی جے پی سے اور ہمارے خلاف کھڑے ہوجاتے ہیں یہ تینوں ایک ہیں۔ ہمارا مقصد پہلے تلنگانہ سے کے سی آر اور بی آر ایس کو اُکھاڑ پھینکنا ہے پھر 2024 میں دہلی سے مودی حکومت کو اقتدار سے بیدخل کریں گے۔