مجلس کو ٹی آر ایس کی تائید ترک کرنے ہنمنت راؤ کا مشورہ

   

ارم منزل کا معائنہ ، اندرون دو سال کے سی آر حکومت کے زوال کی پیش قیاسی

حیدرآباد۔2 ۔ جولائی (سیاست نیوز) سینئر کانگریسی قائد وی ہنمنت راؤ نے آج تاریخی ارم منزل کا دورہ کرتے ہوئے عمارت کا تفصیل سے جائزہ لیا ۔ حکومت اس عمارت کو منہدم کرتے ہوئے اسمبلی تعمیر کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ نئی عمارتوں کو منہدم کرتے ہوئے اسمبلی اور سکریٹریٹ کی تعمیر کا فیصلہ تغلق دور حکومت کی یاد دلاتا ہے اور کے سی آر تغلق کی طرح من مانی فیصلے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کے سی آر کو خبردار کیا کہ وہ عوامی رقومات کے بیجا استعمال کا منصوبہ فوری ترک کردیں ، قبل اس کے اندرون دو سال ان کی حکومت زوال سے دوچار ہوجائے۔ پدما گڈی مندر میں میں نے اندرون دو سال کے سی آر حکومت کے زوال کی منت کی ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ کے سی آر انہدام کے فیصلہ کو ترک کرتے ہوئے پانچ سال تک بہتر حکمرانی کریں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ اگر کے سی آر اپنا رویہ ترک نہیں کریں گے تو حکومت کا زوال یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارم منزل سے قریب ایک مندر موجود ہے اور انہیں خطرہ ہے کہ یہ مندر بھی منہدم کردیا جائے گا ۔ انہوں نے ٹی آر ایس کی حلیف جماعت مجلس کو مشورہ دیا کہ وہ کے سی آر کے فیصلوں کی تائید نہ کریں اور حیدرآباد کی تاریخی عمارتوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ موجودہ اسمبلی کی عمارت اجلاس کے لئے کافی ہے، لہذا نئی عمارت کی کوئی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ارم منزل کو منہدم کرتے ہوئے نئی عمارت تعمیر کی گئی تو کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد اسے لائبریری میں تبدیل کردیا جائے گا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مستقبل میں اپنا نام برقرار رکھنے کیلئے کے سی آر نئی عمارتیں تعمیر کر رہے ہیں ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ تاریخ میں زندہ رہنے کے لئے عمارتوں کی تعمیر نہیں بلکہ عوام کی فلاح و بہبود ضروری ہے۔ کانگریس پارٹی نئی اسمبلی کو فنکشن ہال اور کونسل کو لائبریری میں تبدیل کردے گی ۔ انہوں نے سوال کیا کہ جس رقم سے تعمیر کا منصوبہ ہے ، یہ کے سی آر کی ذاتی یا ان کے باپ دادا کی نہیں ہے ۔ کے سی آر نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ، ان پر موثر عمل آوری کو ترجیح دی جائے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں کے سی آر نے وعدوں کی تکمیل کو نظر انداز کردیا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ تاریخی اور ہیرٹیج عمارتوں کا انہدام کانگریس پارٹی برداشت نہیں کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ 20 یوم میں حکومت کے فیصلے کے بارے میں عوام سے رائے حاصل کرنے کیلئے اوپنین پول منعقد کیا جائے گا۔