اترپردیش اور اتراکھنڈ میں بی ایس پی تنہا مقابلہ کرے گی
لکھنؤ : بہوجن سماج وادی پارٹی کے سربراہ مایاوتی نے اتوار کو واضح طور پر یہ اعلان کردیا کہ اترپردیش اسمبلی انتخابات میں مجلس اتحاد المسلمین سے کوئی مفاہمت نہیں ہوئی ہے۔ اپنے ٹوئیٹ میں مایاوتی نے کہا کہ ایک نیوز چینل کی جانب سے کل سے یہ خبر ٹیلیکاسٹ کی جارہی ہیکہ اترپردیش اسمبلی انتخابات میں بہوجن سماج پارٹی اسدالدین اویسی کی مجلس اتحاد المسلمین کے ساتھ مقابلہ کرے گی۔ مایاوتی نے واضح کردیا کہ یہ نیوز بالکل غلط ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ خبر گمراہ کن ہے اور حقائق سے بعید ہے۔ انہوں نے یہ وضاحت کردی کہ بی ایس پی سوائے پنجاب کے اترپردیش اور اتراکھنڈ میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں تنہا مقابلہ کرے گی اور کسی بھی جماعت سے اس کی کوئی انتخابی مفاہمت نہیں ہوگی۔ بہوجن سماج پارٹی کی جنرل سکریٹری و رکن راجیہ سبھا ستیش چندرا کو پارٹی میڈیا سیل کا قومی کوآرڈینیٹر بنایا گیا ہے۔ مایاوتی نے میڈیا سے اپیل کی ہیکہ وہ بہوجن سماج پارٹی سے متعلق کوئی بھی خبر کی اشاعت سے قبل ستیش چندرا مشرا سے رابطہ کریں۔