مجلس کے اب تک 15 امیدواروں کا اعلان،بہار میں 10 ، مہاراشٹرا میں 4 ، تلنگانہ میں ایک امیدوار

   

حیدرآباد۔3۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) ملک بھر کی تین ریاستوں سے مجلس اتحاد المسلمین نے اب تک اپنے 15امیدوار میدان میں اتارنے کافیصلہ کیا ہے جس میں سب سے زیادہ امیدوار صوبہ بہار سے اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جہاں سے ایک امیدوار جناب اخترالایمان حلقہ پارلیمان کشن گنج سے رائے دہی کا عمل مکمل ہوچکا ہے جبکہ اس مرحلہ کے بعد ریاستی سیکریٹری مجلس بہار جناب آفتاب احمد نے بتایا کہ آئندہ مرحلوں میں جہاں انتخابات ہونے جا رہے ہیں وہاں مزید 9 امیدوار میدان میں اتارے جائیں گے جن حلقہ جات سے امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیاگیا ہے ان میں شیوہر‘ گوپال گنج‘ پاٹلی پترا‘ مہاراج گنج ‘ مظفر پور‘ مدھوبنی ‘ جہان آباد‘ کاراکاٹ ‘ والمیکی نگر یا موتی ہاری سے امیدوار میدان میں اتارے جائیں گے۔ جناب آفتاب احمد نے بتایا کہ ان حلقہ جات سے مجلس اتحاد المسلمین کے امیدواروں کو میدان میں اتارنے کے سلسلہ میں قطعی فیصلہ کیا جاچکا ہے اور ان میں سے بعض امیدواروں کو بھی قطعیت دی جاچکی ہے ۔ بہار کے بعد ریاست مہاراشٹرا سے مجلس اتحاد المسلمین نے 4 امیدواروں کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں حلقہ لوک سبھا اورنگ آباد سے امتیاز جلیل ‘ حلقہ لوک سبھا پونے سے انیس ارشد سونڈکے مجلس کے امیدوار ہوں گے جبکہ حلقہ لوک سبھا عثمان آباد سے صدیق ابراہیم بوڑی والا میدان میں ہیں جبکہ ممبئی شہر کی لوک سبھا نشست ممبئی نارتھ سنٹرل سے جناب رمضان چودھری ایڈوکیٹ کو میدان میں اتارنے کا مجلس کے ترجمان وارث پٹھان نے اعلان کیا ہے۔ مجلس اتحاد المسلمین نے ابتداء میں ریاست تلنگانہ میں پارلیمانی حلقہ حیدرآباد کے علاوہ ریاست بہار میں کشن گنج اور مہاراشٹرا میں اورنگ آباد سے مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور پارٹی صدر بیرسٹر اسدالدین اویسی یہ کہتے آرہے تھے کہ ان کی پارٹی ملک بھر میں محض تین پارلیمانی حلقوں سے مقابلہ کر رہی ہے لیکن ابتدائی دو مرحلوں کی رائے دہی کے بعد مجلس اتحاد المسلمین کے امیدواروں کی فہرست میں اضافہ ہوتا جا رہاہے۔ مجلس نے تین ریاستوں میں اپنے 15امیدواروں کو میدان میں اتارنے کے علاوہ ریاست گجرات میں امیت شاہ وزیر داخلہ کے خلاف مقابلہ کررہی آزاد امیدوار کی تائید کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں ریاستی مجلس اتحادالمسلمین نے باضابطہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کی تائیدکا اعلان کیا ہے۔گجرات کے حلقہ پارلیمان گاندھی نگر جہاں سے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ مقابلہ کر رہے ہیں اس حلقہ پارلیمان سے مجلس اتحاد المسلمین نے آزاد امیدوار کی تائید کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں گجرات مجلس اتحاد المسلمین کی جانب سے کی گئی ایک پریس کانفرنس میں امیت شاہ کے خلاف مقابلہ میں موجود 13 میں 8 مسلم امیدواروں میں ایک کی مجلس نے تائید کا فیصلہ کیا ہے۔ حلقہ پارلیمان گاندھی نگر سے امیت شاہ کے خلاف جملہ 13امیدوار مقابلہ میں ہیں جن میں 8 مسلم امیدوار شامل ہیں۔ ان 8 مسلم امیدواروں کے علاوہ کانگریس کی امیدوار سونل رمن بھائی پٹیل بھی شامل ہیں۔منصوری سہانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں صدر مجلس بیرسٹر اسدالدین اویسی اور ریاستی صدر مجلس صابر کابلی والا کی انہیں مکمل تائید حاصل ہونے کے بعد ان کا مقابلہ گاندھی نگر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور کانگریس امیدوارہ سونل پٹیل کا ان سے مقابلہ ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ چوتھے مرحلہ میں 13 مئی کو ریاست تلنگانہ میں رائے دہی کا عمل مکمل ہونے کے بعد صدر مجلس ملک کی دیگر ریاستوں میں پارٹی کے امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ اس کے علاوہ مہاراشٹرا میں عثمان آباد لوک سبھا حلقہ میں رائے دہی کا عمل 7 مئی کو مکمل ہوجائے گا اس کے علاوہ اورنگ آباد اور پونے میں رائے دہی بھی چوتھے مرحلہ میں 13مئی کو منعقد ہونے جار ہی ہے۔ذرائع کے مطابق صوبہ اترپردیش میں بھی مجلسی امیدواروں کو میدان میں اتارنے کی حکمت عملی کا جائزہ لیا جا رہاہے لیکن فی الحال مجلس نے 15 امیدوار پارٹی ٹکٹ پر اتارنے کے علاوہ امیت شاہ کے خلاف آزاد مقابلہ کررہی خاتون کی تائید کا فیصلہ کیا ہے۔3