مجلس کے مالیگاؤں ایم ایل اے اور حامیوں کیخلاف مقدمہ

   

ناسک ۔27 مارچ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) مالیگاؤں میں مجلس اتحادالمسلمین کے رکن اسمبلی مولانا مفتی محمد اور ان کے حامیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ رکن اسمبلی نے جنرل ہاسپٹل میں میڈیکل آفیسر کے ساتھ بدسلوکی کی ۔ مالیگاؤں پولیس نے بتایا کہ چہارشنبہ کی رات رکن اسمبلی اپنے حامیوں کے ساتھ ہاسپٹل پہنچے اور عملہ سے بدکلامی کی ۔ انھوں نے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر کشور ڈانگے کے آفس میں زبردستی داخل ہوکر بدتمیزی اور بدکلامی بھی کی اور اُنھیں دھمکی بھی دی گئی ۔ اس واقعہ کے خلاف ہاسپٹل کے عملہ نے احتجاجی دھرنا دیا ۔ پولیس کی جانب سے کارروائی کے تیقن کے بعد احتجاج ختم کیا گیا ۔ بعد ازاں ڈاکٹر ڈانگے نے مالیگاؤں سنٹرل پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی جس کی بنیاد پر رکن اسمبلی اور ان کے حامیوں کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ۔