مجوزہ انتخابات میں دولت کی تقسیم اور رقومات کی منتقلی پر نظر

   

محکمہ پولیس سے حوالہ کاروباریوں پر وک لگانے سخت کارروائی
حیدرآباد۔5۔نومبر۔(سیاست نیوز) ریاست میں انتخابات کے دوران دولت کی تقسیم کے ساتھ ساتھ رقومات کی منتقلی کے سلسلہ میں نظر رکھنے کے علاوہ انتخابی عہدیداروں اور محکمہ پولیس کی جانب سے حوالہ کا کاروبار کرنے والوں پر نظررکھی جا رہی ہے۔حوالہ کے کاروبار پر انتخابی عہدیداروں کی گہری نظر کو دیکھتے ہوئے اس کاروبار کا حصہ لوگ اپنی حکمت عملی تبدیل کرنے لگے ہیں اور وہ ممکنہ حد تک احتیاط کے ساتھ رقومات کی منتقلی و حوالگی پر توجہ دے رہے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ انتخابی عہدیداروں کی جانب سے اختیار کردہ سخت موقف کے سبب حوالہ کا کاروبار کرنے والوں کی جانب سے قدیم طریقہ کار اختیار کیا جانے لگا ہے اور آدھی کرنسی نوٹ کے نمبر کی تقسیم کے ذریعہ جہاں سے نقد رقم حاصل کرنی ہے انہیں کرنسی نوٹ کا آدھا حصہ حوالہ کیا جانے لگا ہے۔ذرائع کے مطابق اضلاع تک رقومات پہنچانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات اور جگہ جگہ پولیس کی تلاشی مہم کے نتیجہ میں حوالہ کے ذریعہ رقومات کی منتقلی اور نقد رقومات کی وصولی جو انتخابات کے دوران استعمال کی جانے والی ہیں ان کے لئے بہتر سہولتوں کی فراہمی کی حوالہ کے کاروباری بھی کوشش کر رہے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ انتخابی عہدیداروں کی جانب سے آدھی کرنسی نوٹ کی حوالگی کے ذریعہ بھاری رقومات کی وصولی کے سلسلہ میں تفصیلات حاصل کرنے کے بعد اس بات سے عہدیداروں کو مطلع کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اگر کسی کے پاس آدھی کرنسی نوٹ بھی دستیاب ہوتی ہے تو ایسی صورت میں کاروائی کے اقدامات کئے جائیں ۔
تلنگانہ میں انتخابات کے پیش نظر جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے ریاست کے بیشتر مقامات پر بلکہ بعض مقامات پر ایک کیلومیٹر کی مسافت پر تین پولیس چیکنگ کے پکٹس قائم کئے گئے ہیں اور معمول کی تلاشی مہم کی طرح تلاشی لی جانے لگی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ انتخابی عہدیداروں کی جانب سے الکٹرانک کرنسی منتقلی کے علاوہ حوالہ کے لئے فون کے استعمال کے علاوہ دیگر عصری سہولتوں کے استعمال کے متعلق بھی گہرائی سے جائزہ لیا جا رہاہے تاکہ رقومات کی منتقلی پر کنٹرول کرتے ہوئے نقائص سے پاک انتخابات کو یقینی بنایا جاسکے۔