محبوب نگر سے کانگریس امیدوار ریونت ریڈی کے نام پر غور ، سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں کا آغاز
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں مجوزہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر اہم سیاسی جماعتیں حلقہ جات لوک سبھا کے لیے پارٹی امیدواروں سے متعلق سنجیدگی سے غور کرنے کا آغاز کردیا ہے ۔ بالخصوص ریاستی بی جے پی حلقہ جات لوک سبھا چیوڑلہ اور ناگر کرنول کے لیے امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دینے کی اطلاعات ہیں اور بہت جلد ہی ناموں کا اعلان کرنے کی توقع ہے ۔ علاوہ ازیں تلنگانہ کانگریس پارٹی نے بھی لوک سبھا انتخابات کے سلسلہ میں پارٹی امیدواروں کے ناموں پر غور کرنے کے عمل کا آغاز کردیا ہے ۔ کانگریس پارٹی کے ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ حلقہ لوک سبھا محبوب نگر سے سابق رکن اسمبلی کوڑنگل مسٹر اے ریونت ریڈی کو انتخابی میدان میں اتارنے پارٹی سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ جب کہ ریونت ریڈی نے بھی لوک سبھا حلقہ محبوب نگر سے انتخاب لڑنے کے لیے اپنا ذہن بنالیا ہے ۔ کیوں کہ اسمبلی انتخابات میں ناکامی کے بعد ریونت ریڈی بہر صورت اپنے سیاسی موقف کو مزید مضبوط و مستحکم بنانے کے مقصد سے لوک سبھا انتخابات میں بھی حصہ لے کر کسی طرح سے کامیابی حاصل کرنے اپنی ممکنہ جدوجہد کریں گے ۔ حلقہ لوک سبھا محبوب نگر کے لیے مسٹر ریونت ریڈی کے مقابلہ میں کانگریس پارٹی میں کوئی اور طاقتور امیدوار بھی نہیں ہے جس کے پیش نظر کانگریس پارٹی بھی ریونت ریڈی کو ہی حلقہ لوک سبھا محبوب نگر سے پارٹی امیدوار بنانے پر اولین ترجیح دے گی جب کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی سے حلقہ لوک سبھا محبوب نگر سے مسٹر جتیندر ریڈی ہی دوبارہ امیدوار ہوں گے ۔۔