میدک میں بی آر ایس ٹکٹ کی مضبوط دعویداری، رمضان راشن کٹس کی تقسیم اورعوام سے خطاب
میدک۔/8 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مائنم پلی سوشیل سرویس آرگنائزیشن کے صدر نشین ڈاکٹر روہت مائنم پلی نے 7 اپریل کو میدک میں کاروں اور موٹر سیکلوں کے ساتھ ایک زبردست روڈ شو کا اہتمام کیا۔ واضح رہے کہ میدک کے سابق ایم ایل اے مائنم پلی ہنمنت راؤ موجودہ رکن اسمبلی ملکاجگیری بانی MSSO نے اس آرگنائزیشن کا صدرنشین مقرر کرتے ہوئےMSSO کی فلاحی سرگرمیاں میدک اسمبلی حلقہ میں چلاتے ہوئے بی آر ایس سے میدک کا ٹکٹ حاصل کرنا اپنا نشانہ بنایا ہے۔ اس مقصد کو لے کر روڈ شو کے ساتھ ٹاون کے بالاجی گارڈنس میں غریب مسلمانوں کو رمضان راشن پیاکٹس تقسیم کئے۔ ڈاکٹر مائنم پلی روہت میدک حلقہ اسمبلی کی طاقتور ایم ایل اے پدما دیویندر ریڈی جو اس مرتبہ ٹکٹ حاصل کرکے اپنی ہیٹ ٹرک بنانے کیلئے تیسری مرتبہ ٹکٹ کی دوڑ میں شامل ہیں ، علاوہ ازیں یہاں ایم ایل سی سکریٹری پولٹیکل ٹو کے سی آر مسٹر ایس سبھاش ریڈی جو ٹکٹ کے خواہشمند ہیں ان دونوں کے درمیان سے ٹکٹ حاصل کرکے میدک اسمبلی حلقہ پر قبضہ جمانے کیلئے ڈاکٹرروہت فرزند مائنم پلی ہنمنت راؤ کے ٹی آر کے آشیرواد سے اپنی سعی کا آغاز کردیا ہے۔ حلقہ اسمبلی میدک کے چنا شنکرم پیٹ سے میدک تک روڈ شو پروگرام منعقد ہوا ۔ مائنم پلی روہت کی آمد پر ان کے محبان و حامیوں کی جانب سے فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔ بڑے پیمانے پر بیانرس اور فلیکسیز نصب کی گئی تھیں۔ مسٹر روہت نے میدک پہنچ کر ٹاون کے رام داس ایکس وے پر شیواجی کے پتلہ پر پھو ل نچھاور کئے اور ٹاون کی رام مندر میں خصوصی پوجا کی۔ بعد ازاں شام کو چاول ، تیل ،دال، املی، آٹا کے علاوہ دیگر اشیائے ضروریہ پر مشتمل رمضان راشن پیاکٹس تقسیم کئے۔ اس موقع پر قریب ایک ہزار کٹس کی تقسیم عمل میں آئی۔ تقریباً 10بجے رات تک مسٹر روہت نے پروگرام تقسیم کا آغاز کرکے حیدرآباد روانہ ہوگئے۔ تقسیم کے عمل کے موقع پر منتظمین کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تقریباً دو ہزار خواتین یہاں پہنچ گئی تھیں۔ بی آر ایس میدک ٹاون کے منیار پٹی پریسیڈنٹ مسٹر مجیب الدین نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے تقسیم پروگرام انجام دیا۔ ڈاکٹر محمد عمیر، محمد محامد، روہت کی آمد پر مسرز جے سی بوس، سابق نائب صدرنشین بلدیہ مسٹر چلہ نریندر، سابق کونسلر،مائنم پلی ہنمنت راؤ مسٹر اے رمنا، سابق صدر نشین بلدیہ مسٹر کے سریندر گوڑ، ایم اے قدوس، بمبئی طاہر، بوجاپون نے خیرمقدم کیا۔ صدرنشین ایم ایس ایس او ڈاکٹر روہت نے کہا کہ سوشیل سرویس کے ذریعہ عوام کی فلاح و بہبود اور حلقہ کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری سرویس کو کوئی روک نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں حلقہ اسمبلی میدک کا ایم ایل اے منتخب ہونے کی خواہش ہے، اور مجھے امید ہے کہ میں ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کرلوں گا، مجھے اپنا سیاسی خادم قبول کریں۔