دونوں بیٹے میری دو آنکھیں۔ عوامی خدمات جاری رکھنے پر اظہار اطمینان
حیدرآباد ۔ 17 جولائی (سیاست نیوز) سینئر قائد و رکن راجیہ سبھا ڈی سرینواس حیرت انگیز ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خود اس بات کا علم نہیں ہیکہ وہ کس پارٹی میں ہیں ۔ ان کے ایک فرزند ڈی اروند بی جے پی رکن پارلیمنٹ ہیں۔ دوسرے فرزند سابق میئر ڈی سنجے کانگریس میں شامل ہونے کی تیاری کررہے ہیں۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ وہ خود ٹی آر ایس میں ‘ ایک فرزند بی جے پی میں اور دوسرے فرزند کانگریس میں شامل ہونے کی تیاری کررہے ہیں۔ اس پر ڈی سرینواس نے کہا کہ وہ خود کونسی پارٹی میں ہیں اس کا انہیں خود علم نہیں ہے۔ رہی ان کے بچوں کی بات میرے دونوں بیٹے میرے دو آنکھ ہیں وہ کسی بھی پارٹی میں رہیں عوامی خدمات انجام دیتے رہیں ان کی یہی خواہش ہے۔ انہیں ٹی آر ایس سے کوئی دعوت نامے وصول نہیں ہورہے ہیں اور نہ کسی پروگرام یا اجلاس میں طلب کیا جارہا ہے۔ میں ٹی آر ایس کارکن راجیہ سبھا ہوں یا نہیں یہ سوال چیف منسٹر کے سی آر سے کیا جائے۔ ایک گھر میں تین سیاسی پارٹیوں کے سوال پر ڈی سرینواس نے کہا کہ ہم پر کیچڑ اچھالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ایسے کئی قائدین ہیں جہاں شوہر اور بیوی علحدہ پارٹیوں میں ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ وہ بحیثیت صدر پردیش کانگریس کام کرچکے ہیں۔ چھوٹا بیٹا اروند بی جے پی میں شامل ہوتے وقت انہوں نے کوئی مخالفت نہیں کی وہ محنت کرکے رکن پارلیمنٹ بن گیا۔ ان کے ساتھ ٹی آر ایس میں شامل ہونے والا بڑا فرزند دوبارہ کانگریس میں واپس ہورہا ہے۔ وہ یہی چاہتے کہ ان کے فرزند عوام کی خدمات انجام دیتے رہیں۔ کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی سے سیاست میں آئے سرینواس دو مرتبہ صدر پردیش کانگریس رہے۔ کئی وزارتوں اور عہدوں پر خدمات انجام دیں ‘ کونسل میں اپوزیشن قائد کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی۔ ٹی آر ایس میں شامل ہوتے ہی انہیں رکن راجیہ سبھا بنایا گیا مگر انہیں پارٹی میں نظرانداز کردیا۔ اب وہ سیاسی سرگرمیوں سے دور ہیں اور گھر پر آرام کررہے ہیں۔
