خاتون آئی اے ایس آفیسر کی عزت وقار کو نقصان نہ پہونچائے ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی اپیل
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے وزراء اور خاتون آئی اے ایس کے خلاف لگائے جارہے ہے الزامات اور جھوٹی خبروں کی مذمت کی ۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ اگر تنقید کرنا ہے تو ان پر کریں ۔ لیکن خاتون عہدیداروں کو ہرگز نشانہ بنانا بند کریں ۔ آج حیدرآباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ایک خاتون آئی اے ایس آفیسر کے خلاف من گھڑت کہانیاں لکھنا نہ صرف غیر اخلاقی ہے ۔ اس سے خاتون آفیسر اور ان کے ارکان خاندان کو شدید ذہنی اذیت پہونچی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کا خاندان ہوتا ہے ۔ بری تحریر اچھی صحافت کی علامت نہیں ہوسکتی ۔ وزیر نے جذباتی انداز میں کہا کہ انہیں اس معاملے میں شدید ذہنی دباؤ کا سامنا ہے ۔ انہوں نے اپنے ذاتی غم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بیٹے کی وفات کے بعد وہ اندر سے ٹوٹ چکے ہیں ۔ تب ہی سیاست سے دستبردار ہوجانا بہتر تھا لیکن بعد میں انہوں نے اپنے بیٹے کے نام پر ایک فاونڈیشن قائم کرتے ہوئے غریبوں کی مدد کا راستہ اپنایا ہے ۔ وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے میڈیا پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ صرف ریٹنگ اور ویوز کی خاطر جھوٹی خبریں پھیلانا درست نہیں ہے ۔ چیانلس کے درمیان مسابقت کے نام پر خاتون عہدیداروں کو ہراساں نہ کیا جائے ۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ یہ سب کافی نہیں ہے تو مجھے زہر دے کر مار ڈالو مگر جھوٹی تشہیر بند کردو ۔ فون نمبر سے متعلق خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جس نمبر کے تبدیل کرنے کی بات کی جارہی ہے وہ وہی نمبر ہے ۔ جسے وہ گذشتہ 20 برسوں سے استعمال کررہے ہیں ۔ اس نمبر پر زیادہ کالس وصول ہورہی تھی جس کو انہوں نے اپنے پی اے کے پاس رکھا ہے ۔ وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے مطالبہ کیا کہ ان تمام الزامات کی حکومت کی جانب سے مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائے تاکہ سچ سامنے آسکے اور خاتون آئی اے ایس آفیسر کی ساکھ کو مزید نقصان پہونچے ۔۔ 2
