مجھے سعودی عدلیہ پر پورا اعتماد ہے: صلاح خشوگی

   

دبئی ۔ یکم اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی کے مقتول صحافی جمال خشوگی کے بیٹے صلاح خشوگی نے اپنے والد کے قتل کے ایک سال مکمل ہونے پر سعودی مملکت کی حمایت میں ایک بیان دیا اور اس بات کی تردید کی ہے کہ مملکت سے کوئی رقمی لین دین ہوا ہے ۔ استنبول میں واقع سعودی سفارت خانہ میں خشوگی کو گزشتہ سال 2 اکتوبر کو قتل کردیا گیا تھا اور اس کی نعش کبھی نہیں ملی۔ اس قتل کے آپریشن کو پورا کرنے کیلئے سعودی کے 15 ایجنٹس خصوصی طور پر ریاض سے استنبول بھیجے گئے تھے جبکہ ریاض میں گیارہ مشتبہ افراد پر مقدمہ بھی چلایا جارہا ہے جن میں پانچ افراد کو سزائے موت کا سامنا ہے ۔ صلاح نے کہا کہ اسے سعودی عدلیہ پر پورا بھروسہ ہے اور وہ یہ بات وثوق سے کہہ سکتے ہیں کہ ان کے والد کو انصاف ملے گا ۔ انہوں نے اس صورت حال کا استحصال کرنے والے مخالفین کو شدید تنقیدوں کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ سعودی مملکت (جو ان کا اور ان کے مرحوم والد کا وطن عزیز ہے) اور سعودی قیادت کو نیچا دکھانے کی کوششیں کر رہے ہیں ۔