مجھے چچا کی واپسی کا یقین تھا: روہت پوار

   

ممبئی ۔ 27 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) این سی پی رکن اسمبلی اور شرد پوار کے پوترا روہت پوار نے کہا کہ انہیں اس بات پر بھروسہ تھا کہ ان کے چچا اجیت پوار پارٹی میں واپس آجائیں گے۔ انہیں اس وقت کافی خوشی ہوئی جب انہوں نے شرد پوار سے ملاقات کی۔ روہت پوار نے ایک نیوز چیانل کو انٹرویو دیتے ہوئے وہ حالیہ عرصہ میں سیاسی صورتحال پر کشمکش میں مبتلا تھے ۔ انہیں سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ آخر ہو کیا رہا ہے ۔ تاہم انہیں بھروسہ تھا کہ ان کے چچا اجیت پوار ضرور واپس آئیں گے کیونکہ وہ ان کے مزاج سے اچھی طرح واقف ہیں۔ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک کارکن کی حیثیت سے مجھے اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں معلوم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں بہت حد تک تذبذب میں مبتلا تھا ۔ اجیت پوار کی صلاحیتوں کی ستائش کرتے ہوئے روہت پوار نے کہا کہ وہ ایک بہترین منتظم ثابت ہوں گے جو شیوسینا ، این سی پی اور کانگریس کی مخلوط حکومت مہاراشٹرا وکاس اگھاڑی کا حصہ ہوسکتے ہیں۔ لہذا میں خاندان کا ایک رکن ہونے کی حیثیت سے کافی خوش ہوں، جب معلوم ہوا کہ چچا پھر واپس این سی پی میں آگئے ہیں۔