فیوچر سٹی کے خلاف اپوزیشن کی سازش کا الزام، میرے خاندان کی کوئی اراضی نہیں ، ڈیولپمنٹ اتھاریٹی دفتر کا سنگ بنیاد، ڈپٹی چیف منسٹر و وزراء کی شرکت
حیدرآباد 28 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عالمی معیار کے مطابق بھارت فیوچر سٹی کے حکومت کے عہد کا اعادہ کیا اور کہا کہ فیوچر سٹی عالمی سطح کے اداروں کا مرکز بن جائے گا۔ چیف منسٹر نے آج مضافاتی علاقہ کندکور منڈل کے میر خان پیٹ میں بھارت فیوچر سٹی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی دفتر کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے بھارت فیوچر سٹی کی تعمیر کیلئے بھومی پوجا کی اور ریڈیل روڈ کی تعمیر کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ بھارت جیوچر سٹی آئندہ 10 برسوں میں دنیا کی 500 فارچیون کمپنیوں کے مرکز میں تبدیل ہوگی۔ فیوچر سٹی دنیا بھر میں سرمایہ کاری کے بہتر مواقع میں تبدیل ہوسکتی ہے اور عالمی معیار کی سہولتیں جیسے انڈر گراؤنڈ پاور نیٹ ورک، اسکل یونیورسٹی اور دیگر دستیاب رہیں گی۔ انہوں نے فیوچر سٹی کے خلاف بعض گوشوں کی مخالف مہم سے عوام کو باخبر کیا اور کہا کہ وہ سازش کا شکار نہ ہوں۔ مخالفین الزام عائد کررہے ہیں کہ میری اپنی اراضیات کی ترقی کیلئے میں فیوچر سٹی تیار کررہا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ فیوچر سٹی میرے یا میرے خاندان کیلئے نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے تابناک مستقبل کیلئے رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معیار کے مطابق وہ نیا شہر تعمیر کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں اور وہ عوام سے تعاون کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے عوام کو بھروسہ دلایا کہ فیوچر سٹی کی تعمیر میں عوام کو درپیش مسائل کی یکسوئی کیلئے آگے رہیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپوزیشن کے بہکاوے میں آکر عدالتوں سے رجوع ہونے نہ ہوں ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اراضی کے حصول اور دیگر معاملات میں مسائل کی فوری یکسوئی کریں۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ فیوچر سٹی میں انڈر گراؤنڈ برقی کیبل رہیں گے اور مچھلی پٹنم پورٹ تک گرین فیلڈ ہائی وے کی تجویز ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فیوچر سٹی اور مچھلی پٹنم کے درمیان ڈرائی پورٹ کی ترقی کا منصوبہ رکھتی ہے۔ مرکزی حکومت نے فیوچر سٹی اور امراوتی کے درمیان بلٹ ٹرین منصوبہ کو منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیوچر سٹی میں دنیا کی 500 نامور کمپنیوں کے دفاتر قائم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیوچر سٹی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی عمارت اور اسکل یونیورسٹی کی تعمیر ڈسمبر تک مکمل ہو جائے گی اور حکومت ہر ماہ کم از کم 3 مرتبہ فیوچر سٹی سے کام کرے گی۔ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی عمارت میں سرمایہ کاری پر عالمی سرمایہ کاروں کے اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ قلی قطب شاہ نے حیدرآباد کی بنیاد رکھی تھی اور نظام دور حکومت میں سکندرآباد کو ترقی دی گئی، اسی طرح متحدہ آندھرا پردیش حکومتوں نے سائبر آباد اور سلیکان ویالی کو ترقی دی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کانگریس حکومت کی جانب سے فیوچر سٹی کی تعمیر کے خلاف بعض عناصر سازشیں کررہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ فیوچر سٹی میں ان کی یا ان کے افراد خاندان کی کوئی اراضی نہیں ہے ۔ 2.11 ایکر اراضی پر ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کا دفتر تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج سے فیوچر سٹی کے ترقیاتی کاموں کا عملاً آغاز ہوچکا ہے۔ چندرا بابو نائیڈو اور وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے آئندہ نسلوں کی بھلائی کیلئے ہائی ٹیک سٹی، شمس آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور آؤٹر رنگ روڈ تعمیر کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کئی افراد بیرونی ممالک کا دورہ کرنے کے بعد وہاں کی ترقی کا ذکر کرتے ہیں۔ نیویارک، سنگاپور اور دبئی کی ترقی پر بات کی جاتی ہے، ہم خود بھی اسی طرح کے شہر تعمیر کرسکتے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مجھے 10 سال کا وقت دیجئے میں نیویارک جیسا ترقی یافتہ شہر تعمیر کروں گا۔ 70 سال بعد بھی دنیا ہماری ترقی کی بات کریگی۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک کے عوام بھی فیوچر سٹی پر حیرت کرینگے۔ فیوچر سٹی سے بنگلورو کو مربوط کرنے کا منصوبہ ہے اور مرکزنے فیوچر سٹی کیلئے بلٹ ٹرین کی منظوری دی ہے۔ امراوتی تا چینائی بلٹ ٹرین کو توسیع دی جائے گی۔ ماضی سے سیکھ کر آنے والی نسلوں کیلئے فیوچر سٹی تعمیر کریں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 10 ایکر اراضی پر سنگارینی کالریز کارپوریٹ آفس فیوچر سٹی میں تعمیر کیا جائیگا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، وزراء ڈی سریدھر بابو، جوپلی کرشنا راؤ، اے لکشمن کمار، مقامی عوامی نمائندے اور اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔ 1