حیدرآباد 11 مارچ (سیاست نیوز) مادنا پیٹ علاقہ میں ایک لڑکی کو محبت کے لئے مجبور کرنے پر اُس نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے خودکشی کی ناکام کوشش کی۔ پولیس کے بموجب 24 سالہ وائی نونیتا نے بھاسکر ریڈی نامی نوجوان سے محبت کی تھی لیکن بعد میں لڑکی کو اِس بات کا علم ہوا کہ بھاسکر ریڈی کئی لڑکیوں کو محبت کا جھانسہ دیا کرتا ہے۔ اِس بات کا پتہ چلنے پر اُس نے بھاسکر سے دوری اختیار کرلی تھی لیکن اُس کے باوجود بھی اُس نے لڑکی کو محبت کے لئے اصرار کررہا تھا۔ 10 مارچ کو بھاسکر ریڈی نے نونیتا کے مکان پہونچ کر اُسے سابق میں لئے گئے نجی تصاویر دکھائے اور اُسے بلیک میل کرنے لگا اور بعدازاں اُس سے جھگڑا کیا۔ نوجوان کی اِس حرکت سے دلبرداشتہ نونیتا نے پھانسی لے کر خودکشی کی کوشش کی لیکن اُس کی بہن نے بروقت پہونچ کر اُسے بچالیا اور دواخانہ منتقل کیا گیا۔ پولیس مادنا پیٹ نے نوجوان کے خلاف مقدمہ درج کرکے اُس کی تلاش شروع کردی۔