حیدرآباد۔ محبت کی آڑ میں ایک لڑکی کو دھمکاکر رقمی مطالبہ کرنے والے ایک 19 سالہ نوجوان کو حیات نگر پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق بی سائی کمار ساکن ونستھلی پورم جو انٹر سال دوم کا طالب علم ہے اس کے خلاف دسویں جماعت میں زیر تعلیم طالبہ کی والدہ نے شکایت کی تھی۔ سائی کمار نے لڑکی کو پہلے محبت کے جال میں پھانسا اور پھر اس سے سنہرے وعدے کرتے ہوئے تقریباً 65 ہزار روپئے کی رقم اینٹھ لیا جس کے بعد مزید رقم کا مطالبہ کررہا تھا۔ لڑکی کی تصاویر اور چیاٹنگ کے علاوہ ویڈیو کانفرنسنگ کو سوشیل میڈیا کے ذریعہ منظر عام پر لانے کی دھمکی دے کر جنسی خواہش اور رقم کے لئے دباؤ ڈال رہا تھا۔ پولیس نے سائی کمار کی گرفتاری کے بعد بتایا کہ سابق میں اس نے کئی لڑکیوں کو اپنی محبت کے جال میں پھانس کر ان کا جنسی استحصال اور ان سے رقم لوٹ چکا ہے۔ پولیس نے اسے عدالتی تحویل میں دے دیا۔