محبت کی دکان، نو ہندو۔ مسلمان

,

   

اترپردیش میں کانگریس کی مہم‘ حکم واپس لینے کا مطالبہ

پریاگ راج : اتر پردیش میںکانوڑ یاترا کے راستہ پر دکانداروں کے نام عام کرنے کے یوگی حکومت کے حکم پر ریاست میں سیاست شروع ہوگئی ہے۔ یوگی حکومت کے اس حکم کے خلاف اپوزیشن کانگریس کے کارکنوں نے انوکھے انداز میں احتجاج شروع کر دیا ہے۔ کانگریس کارکنوں کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر پوسٹر لگائے جارہے ہیں۔ پوسٹر پر لکھا ہے کہ ’محبت کی دْکان، نو ہندو۔ مسلمان‘ کانگریس کارکنوں نے تین روزہ مہم شروع کر دی ہے۔اس کے تحت کانگریس کارکنان دکانوں اور ٹھیلوں پر یہ پوسٹر لگا رہے ہیں۔ خاص طور پر یہ پوسٹر ان دکانوں پر لگائے جارہے ہیں جہاں کانوڑ یاترا سے متعلق اشیاء فروخت کی جارہی ہیں۔ پوسٹر میں رائے بریلی سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی کی تصویر بھی ہے۔ یہ مہم مقامی کانگریس لیڈر ارشاد اللہ چلا رہے ہیں۔ کانگریس لیڈر ارشاد اللہ اور عبدالکلام آزاد نے کہا کہ اتر پردیش حکومت کا یہ فیصلہ غیر جمہوری اور غیر آئینی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یوگی حکومت کا یہ حکم گنگا جمنی تہذیب کے بھی خلاف ہے۔ ملک میں محبت، بھائی چارہ اور اتحاد کی بات ہونی چاہیے، ہندوؤں اور مسلمانوں کو الگ کرنے کی نہیں۔ کانگریس کارکنوں نے یوگی حکومت سے اس حکم کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔