…: شادی مبارک،کلیانا لکشمی اسکیم :…
حیدرآباد۔تلنگانہ حکومت، شادی کے دن ہی شادی مبارک اور کلیانا لکشمی کے چیکس جاری کرے گی۔اس بات کا اعلان ریاستی اسمبلی میں وزیر بہبودی پسماندہ طبقات گنگولا کملاکر نے کیا۔مسلم لڑکیوں کی شادی کیلئے شادی مبارک اسکیم اور دیگر طبقات کیلئے کلیانا لکشمی اسکیم پر موثر طورپر ریاست میں عمل کیاجارہا ہے ۔ریاستی وزیر نے کہا کہ شادی کے دن ہی لڑکی کے خاندان کو یہ چیک حوالے کیاجائے گا۔ریاستی حکومت نے تاحال 1100کروڑروپئے کی رقم لاک ڈاؤن کے دوران استفادہ کنندگان کے حوالے کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بعض معاملات میں جانچ میں وقت لگنے سے تاخیر ہوئی ہے۔ گنگولا کملاکر نے کہا کہ حکومت خاندان کی مرضی کے خلاف محبت کی شادی کرنے والی لڑکی کے نام پر چیک جاری کرنے کی درخواست پر غور کررہی ہے کیونکہ عموما اس اسکیم کا چیک لڑکی کی ماں کے نام جاری کیاجاتا ہے ۔اس اسکیم کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے ریاستی اسمبلی میں کہا کہ اس اسکیم سے 7,14,575خاندانوں کو فائدہ پہنچا ہے اور حکومت نے تاحال اس اسکیم پر 5556کروڑ روپئے صرف کئے ہیں۔محکمہ بہبودی پسماندہ طبقات نے 1,62,079 خاندانوں کی اس اسکیم کے ذریعہ مدد کی ہے ۔تلنگانہ حکومت کی جانب سے اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کیلئے مختلف فلاحی اسکیمات کا اعلان کیا گیا ہے۔ خاص طور پر شادی مبارک اور کلیانا لکشمی اسکیمات کافی مقبول ہوئی ہیں جن سے بڑے پیمانے پر غریب افراد استفادہ کررہے ہیں۔