حیدرآباد ۔ 24 جولائی (سیاست نیوز) محبت کے نام پر دھوکہ دینے والے عاشق کے خلاف ایک لڑکی انصاف کا مطالبہ کررہی ہے۔ شادی کا وعدہ کرتے ہوئے لڑکی کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ اور موج مستی کرنے والے نوجوان کے مکان پہنچ گئی اور گھنٹوں مکان کے روبرو احتجاج کیا۔ للیتا نامی لڑکی جس کا تعلق ریاست آندھرا پردیش کے ویزاک سے بتایا گیا ہے۔ آج اپل پہنچ گئی اور اس کے عاشق سریدھر کے مکان پر احتجاج کیا۔ سریدھر بے وفائی اور اس کے والدین کی بے رخی سے پریشان لڑکی نے میڈیا کو بتایا کہ ایک ڈیٹنگ ایپ کے ذریعہ ان کی پہنچان ہوئی تھی جو محبت میں تبدیل ہوگئی۔ لڑکی نے عاشق سریدھر یہ الزام لگایا کہ ایک سال سے سریدھر اس کے ساتھ موج مستی کررہا ہے اس لڑکی کی صحت بھی اس حرکت سے بگڑ گئی تھی۔ محبت کے نام پر شادی کے وعدے کے بعد اب سریدھر شادی سے انکار کررہا ہے۔ لڑکی نے پولیس پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پولیس نے لڑکی کی شکایت پر کوئی اقدام نہیں کیا۔ لڑکی للیتا نے بتایا کہ اس نے سائبر کرائم میں بھی شکایت کی تھی اور تمام تفصیلات سے پولیس کو آگاہ کیا۔ تاہم پولیس نے کوئی اقدام نہیں کیا۔ للیتا نے انصاف نہ ملنے کی صورت میں انتہائی اقدام کرنے کی دھمکی دی ہے۔
