حیدرآباد۔/8 جنوری، ( سیاست نیوز) محبوبہ سے شادی کیلئے عاشق کانسٹبل کی شرط محبوبہ کی خودکشی کا سبب بن گئی۔ پولیس کے مطابق عاشق نے شادی کیلئے 40 لاکھ روپئے کی شرط رکھی تھی اور رقم فراہم کرنے کیلئے زور دے رہا تھا۔ اس بات سے دلبرداشتہ ہوکر 17 سالہ ستلا دت سریشا نے خودکشی کرلی۔ ملکاجگیری پولیس کے مطابق سریشا آئی این نگر ملکا جگیری علاقہ کے ساکن سینو نائیک کی بیٹی تھی جو انٹر سال دوم گورنمنٹ جونیر کالج ماریڈ پلی کی طالبہ تھی۔ سریشا اور شنکر نائیک میں گزشتہ 6 سال سے عاشقی چل رہی تھی۔ دو سال قبل لڑکی کے عاشق شنکر نائیک کو محکمہ پولیس میں ملازمت حاصل ہوگئی اور پولیس کے اے آر شعبہ میں اس کا تقرر ہوجانے کے بعد اس کے تیور بدل گئے۔ اس نے اپنی محبوبہ سریشا کو فون پر بتایا کہ اس کی شادی کیلئے رشتے تلاش کئے جارہے ہیں اور ایک رشتہ میں 40 لاکھ روپئے بطور جہیز دینے کی بات ہوئی ہے اور رشتہ تقریباً طئے ہوچکا ہے لہذا تم شادی کرنا چاہتی ہو تو 40 لاکھ کا انتظام کرو۔ جب یہ بات لڑکی نے اپنے والدین کو بتائی کو لڑکی کے والدین نے دلاسہ دیا اور کہا کہ وہ گاؤں کی زمین فروخت کرتے ہوئے رقم کا انتظام کریں گے ۔ لڑکی کے والدین اس کوشش میں تھے کہ 10 دن قبل شنکر نائیک نے دوبارہ فون کرتے ہوئے اپنی محبوبہ سریشا پر 40 لاکھ کی شرط کو لازمی قرار دیا اور انتظام کرنے پر زور دینے لگا۔ گذشتہ چند دنوں سے فون پر بات چیت بھی بند کردی تھی۔ اس بات سے دلبرداشتہ سریشا نے انتہائی اقدام کرلیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع