سرینگر ۔ 6 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزرائے اعلیٰ جموں و کشمیر محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ کے علاوہ نیشنل کانفرنس اور اس کے کٹر حریف پی ڈی پی کے دو قد آور سیاسی قائدین کو سخت پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت آج انتظامیہ نے ماخوذ کیا ہے ۔ عہدیداروں نے یہاں بتایا کہ پولیس کے ہمراہ ایک مجسٹریٹ نے محبوبہ مفتی کو یہ حکمنامہ ان کے بنگلہ پر حوالے کیا جہاں وہ نظربند ہیں۔ عمر عبداللہ کو بھی پی سی اے کے تحت لایا گیا ہے۔ نیشنل کانفرنس جنرل سکریٹری اور سابق وزیر علی محمد ساگر کو بھی حکام نے پی ایس اے نوٹس کا آرڈر حوالے کیا ہے۔ اسی طرح سینئر پی ڈی پی لیڈر سرتاج مدنی کو پی ایس اے کے تحت ماخوذ کیا گیا ۔ وہ سابق چیف منسٹر محبوبہ مفتی کے ننھیالی انکل ہوتے ہیں۔ ساگر اور مدنی کو 5 اگست کی مرکزی مہم کے بعد نظربند کیا گیا تھا۔ یہ مہم سابقہ ریاست کو خصوصی درجہ کی منسوخی کے علاوہ اس کی دو مرکزی علاقوں میں تقسیم کے بعد سیاستدانوں کے خلاف چلائی گئی ۔ ان کی 6 ماہ کی احتیاطی تحویل جمعرات کو ختم ہورہی تھی۔ قبل ازیں عہدیداروں نے کہا تھا کہ سابق این سی لیجسلیٹر بشیر احمد کو بھی پی ایس اے کے تحت ماخوذ کیا گیا لیکن بعد میں انہیں رہا کردیا گیا ۔