سرینگر : جموں و کشمیر کی سابق چیف منسٹر اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی لیڈر محبوبہ مفتی کو آج حراست سے رہا کردیا گیا ۔ جموں و کشمیر نظم و نسق کے ترجمان روہیت کنسل نے کہا کہ محبوبہ مفتی کو رہا کردیا گیا ہے ۔ منگل کو جاری کردہ سرکاری احکام میں بتایا گیا ہے کہ ان کی حراست کو فوری واپس لیا گیا ۔ جولائی میں ان کی حراست کی مدت کو تین مہینے کی توسیع دی گئی تھی۔ انہیں سخت ترین قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا تھا ۔محبوبہ مفتی کو گزشتہ سال /5 اگست کو گرفتار کیا گیا تھا ۔ آرٹیکل 370 کی برخواستگی کے مرکز کے فیصلہ سے چند گھنٹے قبل ہی جموں و کشمیر کے کئی قائدین کو گرفتار کرکے جیل بھی ڈال دیا گیا تھا ۔ سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر اور نیشنل کانفرنس لیڈر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ کو بھی 7 ماہ کی حراست کے بعد رہا کردیا گیا تھا ۔ محبوبہ مفتی نے اپنی رہائی کے بعد کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ میں باہر آئی ہوں ۔ان کی دختر التجا مفتی نے ٹوئیٹر پر بیان پوسٹ کرتے ہوئے ان کی تائید کرنے والے ہر ایک شخص سے اظہار تشکر کیا ہے ۔ التجا مفتی نے اپنی والدہ کی حراست کو سپریم کورٹ میں چیالنج کیا تھا جہاں پر /29 ستمبر کو آخری سماعت کی گئی تھی ۔
