محبوبہ مفتی سرکاری قیامگاہ منتقل ‘ حراست برقرار

   

سرینگر 7 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک جزوی راحت میں سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر محبوبہ مفتی کو ان کی سرکاری قیامگاہ کو منتقل کردیا گیا ہے تاہم وہ وہیں نظربند رہیں گی ۔ محبوبہ مفتی کو سخت ترین عوامی سلامتی قانون کے تحت گرفتار کیا گیا تھا ۔ پی ڈی پی کی سربراہ 2018 جون تک بی جے پی سے اتحاد میں تھیں اور انہیں گذشتہ سال 5 اگسٹ کو اس وقت گرفتار کرلیا گیا تھا جب مرکزی حکومت نے جموںو کشمیر کو خصوصی موقف دینے والے دفعہ 370 کو حذف کردیا تھا ۔ ابتداء میں انہیں احتیاطی حراست میں لیا گیا تھا تاہم بعد میں6 فبروری کو ان کے خلاف قومی سلامتی قانون کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا تھا ۔ ان کے ساتھ سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ کو بھی حراست میں لیا گیا تھا تاہم انہیں بعد میں رہا کردیا گیا ۔ حکومت نے ایک حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اب محبوبہ مفتی کی سرکاری قیامگاہ ہی ان کیلئے جیل ہوگی ۔ عمر عبداللہ نے اپنے رد عمل میں کہا کہ محبوبہ مفتی کو فوری حراست سے رہا کیا جانا چاہئے ۔