محبوبہ مفتی نے احتجاجی دھرنا ختم کرنے کے بعد اپنا ووٹ ڈالا

   

سری نگر : پی ڈی پی صدر اور اننت ناگ راجوری لوک سبھا سیٹ کی امید وار محبوبہ مفتی نے ہفتہ کو احتجاجی دھرنا ختم کرنے بعد جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ میں اپنا ووٹ ڈالا۔ بتادیں کہ وہ ان کے بقول پارٹی کے پولنگ ایجنٹوں اور وکروں کی گرفتاری کے خلاف ہفتے کی صبح بجبہاڑہ میں احتجاجی دھرنے پر تھیں۔ تاہم پولیس نے ان کے دعوے کو رد کرتے ہوئے کہا کہ جن کا داغدار ماضی ہے ان کو ہی امن وقانون کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے حراست میں لیا گیا ہے ۔ محبوبہ مفتی نے ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا کو بتایا کہ کل رات سے میری پارٹی کے ایجنٹوں اور کارکنوں کو گرفتار کرکے تھانوں میں بند کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بجبہاڑہ میں دھرنا دیا کہ میرے 6 ورکروں کو چھوڑ دیا جائے اب مجھے بتایا گیا کہ ان کو رہا کیا گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ میں لیفٹیننٹ گورنر سے کہنا چاہتی ہوں کہ آپ واجپائی جی کی پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں جنہوں نے جموں و کشمیر کے لوگوں کا الیکشن میں بھروسہ بحال کیا تھا۔