محبوبہ کا قتل کرنے والے پجاری کو عمر قید کی سزا

   

کوئمبتور جانے کے بہانے سلطان پلی میں قتل کرنے کا شاخسانہ

حیدرآباد۔/26 مارچ، ( سیاست نیوز) محبوبہ کا قتل کرنے والے پجاری کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ رنگاریڈی کی ایک عدالت نے پجاری سائی کرشنا کو اپنے فیصلہ میں عمر قید کی سزا سنائی۔سال 2023 میں سائی کرشنا نے اپنی محبوبہ اپسرا کا قتل کیا تھا۔ کوئمبتور جانے کے بہانے لڑکی کو کار میں شمس آباد سلطان پلی علاقہ میں لے جاکر قتل کیا تھا اور نعش کو ڈرینیج کے مین ہول میں ڈال دیا تھا۔ سال 2023 کے اس سنسنی خیز معاملہ میں عدالت نے آج فیصلہ سنایا۔ پجاری سائی کرشنا تعمیراتی کنٹراکٹر کی حیثیت بھی خدمات انجام دے رہا تھا۔ اپسرا کی پہچان سائی کرشنا سے ایک عقیدت مند کی حیثیت سے ہوئی اور اس نے لڑکی پر ڈورے ڈالے اس کو محبت کے جال میں پھانس کر اس سے شادی کا وعدہ کیا، جسمانی طور پر لڑکی کا استعمال کرنے والے اس پاپی پجاری پر لڑکی نے شادی کے لئے دباؤ ڈالنا شروع کردیا۔ لڑکی کے دباؤ سے پجاری سائی کرشنا پریشان ہوگیا اور اس نے محبوبہ سے پیچھا چھڑانے کا منصوبہ تیار کرلیا اور اپسرا کو جان سے مارنے کی سازش تیار کی۔ لڑکی کو کوئمبتور جانے کے لئے کار میں سوار کرلیا اور سلطان پلی علاقہ میں لڑکی کا کار میں قتل کیا اور نعش کو ڈرینیج میں ڈالنے کے بعد بڑی چالاکی سے اس کیس میں بچنے کی کوشش کی۔ پولیس نے اس وقت تحقیقات کے دوران پہلے پجاری پر شک نہیں کیا لیکن جب تحقیقات کے سلسلہ میں دیگر افراد کی طرح پجاری سے بھی بات کی تو پولیس کو اس پر شک ہوا اور اس نے پولیس کے روبرو اپنا جرم قبول کرلیا۔ پولیس نے پجاری سائی کرشنا کے خلاف زبردست ثبوت اور گواہوں کو تیار کرتے ہوئے چارج شیٹ داخل کی اور عدالت نے فیصلہ سنایا۔