لڑکی کے بہنوائی کی ہراسانی اور رقمی مطالبہ پر سنگین اقدام
حیدرآباد ۔ /28 اگست (سیاست نیوز) شادی کے نام پر لڑکی سے محبت اور اس کا جنسی استحصال کرنے کے بعد بلیک میل کرنے کے کئی واقعات پائے جاتے ہیں ۔ محبوبہ کی عزت سے کھلواڑ کی گھناؤنی حرکتیں آج کل عام بات بنتی جارہی ہے ۔ لیکن شہر کے نواحی علاقہ میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جہاں محبوبہ کی عزت کی خاطر ایک عاشق نے اپنی جان گنوادی ۔ جگت گیری گٹہ پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 30 سالہ نظام آباد کے متوطن نوین ریڈی نے خودکشی کرلی ۔ شادی کے 10 دن بعد شوہر کو چھوڑکر عاشق کے پاس آنے والی اپنی محبوبہ کو نوین ریڈی نے واپس بھیج دیا تھا ۔ اس بات پر لڑکی کے بہنوائی کی جانب سے نوین ریڈی کو ہراسانی کا سامنا تھا ۔ لڑکی کا بہنوائی نوین سے ایک لاکھ روپئے کا مطالبہ کررہا تھا اور رقم نہ دینے کی صورت میں لڑکی کی واپس آجانے کی بات اس کے شوہر کو بتانے کی دھمکی دے رہا تھا ۔ قبل ازیں متوفی نوجوان نے لڑکی کی شادی کے بعد ملازمت چھوڑدی تھی اور لڑکی کی جانب سے بڑھتے دباؤ اور اس کی محبت سے دور رہنے کے لئے وطن بھی چھوڑدیا تھا ۔ تاہم لڑکی اس کی محبت میں شوہر کی پرواہ بھی نہیں کرتی تھی اور شادی کے محض 10 دن بعد ہی وہ سسرال سے عاشق کے پاس پہونچ گئی ۔ لڑکی کے گھر والوں کو طلب کرنے کے بعد نوین ریڈی نے لڑکی کو سمجھا کر اس کے رشتہ داروں کے ہمراہ اسے واپس بھیج دیا اور نظام آباد چھوڑ کر جگت گیری گٹہ کے علاقہ میں رہنے لگا ۔ تاہم اس کے بعد لڑکی کے بہنوائی کی جانب سے ہراسانی شروع ہوگئی ۔ نوین ریڈی اور لڑکی ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے اور لڑکی کے والدین و رشتہ دار ان کی شادی سے راضی نہیں تھے جس کے بعد لڑکی کی شادی کہیں اور کردی گئی ۔ جگت گیری گٹہ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔