ورنگل ۔ محبوب آباد ضلع کے مری پیڈا منڈل کے اجمیرا تانڈا میں ایک 30 سالہ خاتون کا اس کے شوہر نے گلا کاٹ کر قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع محبوب آباد کے منڈل مری پیڈا کے اجمیرا تانڈا کے گرام پنچایت کے جی پی تانڈا میں بندت ممتا 30 سالہ خاتون کا اس کے شوہر بی راویندر 33 سالہ نے کلہاڑی سے حملہ کرتے ہوئے گلا کاٹ دیا۔ قتل کی وجہ بیوی پر شک بتائی جاتی ہے۔ اس جوڑے کی شادی 6 سال قبل ہوچکی تھی۔ متاثرہ کے رشتہ داروں نے الزام لگایا کہ شوہر روی ہمیشہ بیوی کو ہراساں کرتا تھا۔ منگل کی صبح کلہاڑی سے وار کرکے قتل کردینے کی اطلاع متوفی کے خاندان کو ملنے پر انہوں نے ملزم روی کے گھر کو آگ لگادی جس کی وجہ سے گھر میں موجود تمام سامان جل کر خاکستر ہوچکا۔ خاتون کے رشتہ داروں کی ہنگامہ آرائی پر پولیس نے ہلکا سا لاٹھی چارج کرتے ہوئے حالات کو قابو میں کیا۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے مقامی ہاسپٹل منتقل کردیا۔ پولیس کی جانب سے مقدمہ درج کیا گیا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔