کانگریس 29نشستوں کے باوجودمیئرکے عہدے کی اہل نہیں‘ بی آرایس کے 15امیدوار کامیاب
محبوب نگر ۔ 14 ۔ فروری : ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) : محبوب نگر میونسپل کارپوریشن کے جملہ 60 ڈیویژنس کے نتائج کا اعلان ہوچکا ہے ۔ کسی بھی سیاسی جماعت کو مئیر کے عہدہ پر قبضہ کے لیے مطلوبہ ہندسہ حاصل نہ ہوسکا ۔ نتائج کااعلان شروع سے کبھی کانگریس اور کبھی بی آر ایس کے حق میں جارہے تھے ۔ اکثریت کے ساتھ میونسپل چیرمین کا عہدہ حاصل کرنے کا کانگریس کا جو ریکارڈ تھا اب کی بار بی آر ایس نے روک لگائی ۔ 60 ڈیویژنس میں سے ڈیویژن 58 پر رما دیوی کانگریسی امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئی تھیں باقی 59 ڈیویژنس کا اعلان جمعہ کی شب تک مکمل ہوگیا ۔ کانگریس نے 29 نشستوں پر قبضہ کر کے سب سے بڑی جماعت کا موقف حاصل کیا ۔ اب اس کو مئیر کے عہدے کے لیے دیگر کارپوریٹرز کی تائید درکار ہوگی ۔ بی آر ایس کا مظاہرہ توقع سے زیادہ بہتر رہا اور 15 ڈیویژنس میں کامیاب رہی ۔ بی جے پی نے 8 اور 4 آئی ایم صرف 3 پر کامیابی حاصل کی جب کہ کانگریس اور بی آر ایس کے باغی قائدین نے بحیثیت آزاد امیدوار 5 نشستوں پر کامیاب رہے ۔ ڈیویژن 53 میں بی جے پی کانگریس کے بیچ سخت مقابلہ دیکھاگیا کانگریسی امیدوار کے ایک ووٹ سے کامیابی کے اعلان کے بعد بی جے پی نے دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا ۔ رات دیر گئے دوبارہ گنتی کے بعد بی جے پی امیدوار ایک ووٹ سے کامیابی کا اعلان کردیا گیا ۔ کارپوریشن میں مئیر کے عہدے کے لیے مضبوط دعویداران سینئیر قائدین پی وینکٹیش کی دختر نہاشری کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ جب کہ 52 ڈیویژن سے بی سدھاکر ریڈی کی اہلیہ کلپنا اور41 ڈیویژن سے موڈا چیرمین لکشمن یادو کی اہلیہ سپنا کو بھی شکست ہوگئی ۔ اب کانگریس کے سابق میونسپل چیرمین آنند کمار گوڑ کی اہلیہ پرسنا اور بلا مقابلہ منتخب رما دیوی مئیر ے عہدے کی دوڑ میں رہیں گے ۔ محبوب نگر بلدیہ میں چیرمین یا نائب چیرمین کا عہدہ اقلیت کو دیا جاتا رہا اب کی مرتبہ یہ تسلسل کانگریس باقی رکھے گی یا نہیں اب ڈپٹی مئیر کا عہدہ کسی مسلمان کو دیا جاسکتا ہے عوام میں موضوع بحث ہے ۔ انتخابات میں مسلم امیدواروں کی کامیابی کا فیصد 28.33 رہا اور 17 مسلمان منتخب ہوئے جن میں کانگریس کے 9 بی آر ایس کے 3 مجلس کے 3 آزاد 2 نشستوں پر منتخب ہوئے ۔ انتخابات میں اب کی بار عوام نے کارکرد اور خدمت گذار امیدواروں کو منتخب کیا ہے جب کہ کئی ایک سینئیر قائدین کو زبردست شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ 16 فروری کو مئیر و ڈپٹی مئیر کا انتخاب مقرر ہے ۔ باتیا جاتا ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنے منتخب کارپوریٹرس کو محفوظ مقامات کو منتقل کررہے ہیں ۔