بلدیہ کے بجٹ اجلاس کا انعقاد، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا خطاب
محبوب نگر /30 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محبوب نگر کو ہمہ جہتی ترقی دیتے ہوئے گریٹر حیدرآباد کے طرز پر پرکشش اور ترقی یافتہ بنایا جائے گا ۔ یہ اعلان ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے محبوب نگر بلدیہ کے بجٹ کی منطوری کے موقع پر کیا ۔ محبوب نگر بلدیہ میں چیرمین بلدیہ نرسمہلو نے سال 2023-24 کا 46 کروڑ 12 لاکھ روپئے کا تخمینہ بجٹ پیش کیا ۔ جس کو کونسل نے متفقہ طور پر منظور کرلیا ۔ اجلاس میں ریاستی وزیر سرینواس گوڑ اور ضلع کلکٹر جی روی نائیک بحیثیت مہمان خصوصی شریک تھے ۔ ریاستی وزیر نے محبوب نگر کی ترقی کا تفصیلی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ برسوں میں پانی کی قلت کا مسئلہ بڑاسنگین تھا ۔ مشن بھگیرتا کے ذریعہ اس پر قابو پالیا گیا۔ 7500 مستحقین میں پنشن تقسیم ہوتا تھا 200 روپئے اور آج 20 ہزار مستحقین میں ماہانہ 4 کروڑ 25 لاکھ روپئے پنشن تقسیم کیا جارہا ہے ۔ شادی مبارک ، کلیانہ لکشمی ، سی ایم ریلیف فنڈ کیلئے ہزاروں کروڑ خرچ کئے جارہے ہیں۔ 400 ایکر اراضی پر زبردست آئی ٹی کاریڈر قائم کیا جارہا ہے ۔ 1350 ایکر پر فوڈ پارک قائم کیا جارہا ہے ۔ 150 کروڑ کے صرفہ سے شہر میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے ۔ 500 کروڑ کے بجٹ سے سوپر اسپشالیٹی ہاسپٹل کی تعمیر کا منصوبہ ہے ۔ ضلع کلکٹر روی نائیک نے کہا کہ عہدیداران اور قائدین تعاون کے ساتھ شہر کی ترقی کیلئے آگے آئیں ۔ اجلاس میں کونسلران بلدیہ نے مختلف مسائل پیش کئے ۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر ستیا راما راؤ ، بلدی نائب صدرنشین گنیش ، بلدی انچارج کمشنر و دیگر موجود تھے ۔