آسرا پنشن کی تقسیم کے موقع پر ریاستی وزیر کا خطاب ، تمام مستحقین سے انصاف کا تیقن
محبوب نگر۔ 21 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کے تعاون سے محبوب نگر ترقی کی ایک شاندار مثال بن گیا ہے اور مستقبل قریب میں مزید ترقی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ان عزائم کا اظہار ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے آج دوپہر مستقر محبوب نگر کے جے جے آر فنکشن ہال میں مستحقین میں آسرا پنشن کارڈز کی تقسیم کے موقع پر کیا۔ اس پروگرام میں محبوب نگر بلدیہ کے 2 ، 3، 5، 6 وارڈزکے مستحقین کو آسرا پنشن کارڈز حوالے کئے گئے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت 4 کروڑ 60 لاکھ روپئے کے پنشن محبوب نگر میں تقسیم کررہی ہے۔ ماضی میں صرف 31 لاکھ روپئے سابقہ حکومتیں تقسیم کررہی تھیں۔ ماضی میں 10 ہزار مستحقین میں تقسیم ہوتی تھی اور آج ہم 19 ہزار سے زائد مستحقین میں تقسیم کررہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر کچھ مستحقین محروم رہ گئے ہوں تو بہت جلد انہیں بھی جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ محبوب نگر کے تمام وارڈز میں میگا ہیلتھ کیمپس منعقد کئے جارہے ہیں۔ اچاپلی ریلوے برج کی تعمیر کیلئے ہم سے پہلے کی حکومتوں نے 12سال لئے اور برج کی تعمیر میں جن کی اراضیات متاثر ہوئیں۔ انہیں بھی انصاف نہیں ملا۔ ہماری حکومت نے دوسرے برج کو صرف 12 ماہ میں مکمل کررہی ہے جو ڈسمبر تک تیار ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2097ء ایکر وسیع اراضی پر محیط ایکواربن پارک کو ترقی دینے کا کام جاری ہے اور عنقریب قدیم کلکٹریٹ میں سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کی تعمیر کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے میونسپل کمشنر پردیپ کمار کو پابند کیا کہ مستقر محبوب نگر میں امراض سے متاثرہ افراد کے علاج کیلئے وارڈ سطح پر میگا ہیلتھ کیمپ کا انعقاد عمل میں لائیں۔ پروگرام کو ضلع کلکٹر وینکٹ راؤ اور میونسپل چیرمین نرسمہلو نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر مارکٹ کمیٹی چیرمین محمد عبدالرحمن، آر ڈی او انل کمار و دیگر موجود تھے۔