بارش سے راحت کاری کیلئے جامع منصوبہ بندی ضروری ، عوام غیرمطمئن
محبوب نگر ۔14 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گزشتہ شب مستقر محبوب نگر پر موسلادھار بارش کی وجہ سے کافی نقصانات ہوئے۔ مستقر کے تقریباً محلہ جات بالخصوص نشیبی علاقے بی کے ریڈی کالونی، رامیا باؤلی، طیب نگر گولی مسجد وغیرہ کافی محلہ جات کے عوام نے سیاست نیوز کو بتایا کہ سڑکیں ناقابل عبور اور نالیاں اُبل رہی ہیں۔ گندا پانی مکانات میں گھٹنوں سے اوپر آچکا ہے۔ پالی ٹیکنک کالج ریلوے گیٹ کو بند کردیا گیا ہے۔ میونسپل کمشنر نے مسلسل متاثرہ محلہ جات کا دورہ کرتے ہوئے بلدی عملہ کو ضروری ہدایات دیں ۔ مقامی عوام اقدامات سے مطمئن نہیں ہیں۔ اگرچہ ضلع انتظامیہ اور ضلع ایس پی جانکی دھراوت نے خود مقامی تالابوں کا معائنہ کیا۔ عوام کا کہنا ہے کہ جب تک جامع منصوبہ بندی کرتے ہوئے عملی اقدامات نہیں کئے جاتے، مسائل کا حل ممکن نہیں ہے۔