محبوب نگر تیزرفتاری کے ساتھ ترقی کی سمت گامزن

   

کے سی آر اربن پارک کا افتتاح ، ریاستی وزیر وی سرینواس گوڑ کا خطاب

محبوب نگر : ضلع محبوب نگر تیز رفتاری کے ساتھ ترقی کی سمت گامزن ہے ۔ ان خیالات کا اظہار رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار نے پیر کے دن ریاستی وزیر آبکاری و سرینواس گوڑ کے ہمراہ محبوب نگر کے مضافات میں کے سی آر اربن ابکو پارک میں ایک پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ یہ پروگرام مہیلا سمکھیا کے زیراہتمام (10) روز میں 2 کروڑ 8 لاکھ سیڈ بالس ( تخم ) کی تیاری کے موقع پر منعقد کیا گیا تھا۔ انھوں نے اس موقع پر سیڈ بالس کے ذریعہ تخم ریزی بھی کی ۔ انھوں نے کے سی آر پارک تا محبوب نگر سڑک کے دونوں طرف شجرکاری میں حصہ لیا اورپارک میں ہرن پارک کا افتتاح بھی کیا ۔پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ (2097) ایکر پر محیط اس پارک کے بارے میں معلومات حاصل کرکے انھیں بڑی خوشی ہوئی ۔ یہ پارک ملک کے سرفہرست پارکس میں سے ایک ہے ۔ انھوں نے پارک کی ترقی کیلئے سرینواس گوڑ کی کاوشوں کی ستائش کی اور کہا کہ اس پارک کی ترقی میں وہ بھی تعاون کیلئے تیار ہیں۔ ریاستی وزیر سرینواس گوڑ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں 2014 ء سے قبل ایک بھی پارک تفریح کیلئے نہیں تھا لیکن آج محبوب نگر کا یہ پارک قومی سطح پر اپنی ترقی کیلئے مشہور ہے۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے مکانات میں شجرکاری کریں۔ انھوں نے اعلان کیا کہ پارک میں سریاحوں کیلئے ٹرین ، ہرن پارک اور اڈوینچرس کیلئے چھوٹے بچوں کیلئے کئی ایک تفریحی پروگرامس شروع کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر وینک راؤ ، ضلع ایس پی آر وینکٹیشورلو ، ایڈیشنل کلکٹرس تیجس نندلال پوار ، سیتاراما راؤ ، میونسپل چیرمین نرسمہلو و دیگر موجود تھے ۔ انھوں نے اس موقع پر ریاستی وزیر کے ہمراہ ایک کروڑ بیالس لاکھ کے صرفہ سے تعمیرشدہ سرینواس کالونی میں پارک کا افتتاح کیا اور کلکٹریٹ کے قریب 6 کروڑ کے لاگت سے تعمیر کئے جانے والے جدید مارکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ پالمور یونیورسٹی میں بھی شجرکاری میں حصہ لیا ۔ اس موقع پر وائس چانسلر لکشمی کانت راٹھور ، رجسٹرار پون کمار و دیگر موجود تھے ۔