کئی خصوصی ٹرینوں کی آمدورفت کے سبب مزید دو پلیٹ فارمس کی تعمیر ضروری
محبوب نگر۔/15 جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سکندرآباد تا محبوب نگر ڈبل ریلوے لائن کا کام مکمل ہونے سے حسب توقع روٹ پر ٹرینوں کی آمد و رفت میں اضافہ ہوچکا ہے لیکن روزانہ کے مسائل عوام کیلئے تکلیف دہ ہیں۔پلیٹ فارم پر ہمیشہ مسافروں کا ہجوم رہتا ہے۔ محبوب نگر تا گدوال ، گدوال تا رائچور روٹس پر ٹرینوں کی تعدد میں جو اضافہ ہوا ہے محبوب نگر اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر مسافرو ں کو کافی مشکلات کا سامنا ہے۔ روزانہ سکندرآباد تا محبو ب نگر، گدوال، رائچور روزانہ 20 مال گاڑیاں گذرتی ہیں۔ محبوب نگر اسٹیشن پر3پلیٹ فارمس ہیں۔ صبح محبوب نگر تا کاچیگوڑہ جانے والی ٹرین کو تیسرے پلٹ فارم پر ٹہرایا جاتا ہے۔ پلیٹ فارم ایک پر وشاکھاایکسپریس ٹہرتی ہے ۔دوسرے پر گڈس و دیگر ٹرینیںتوقف کرتی ہیں۔ اس لائن پر ڈبلنگ رہنے سے خصوصی 10 ٹرینوں کی آمدورفت ہے جو دوسرے پلیٹ فارم پر گذرتی ہیں۔ سکندرآباد تا کرنول کی تنگبھدرا ایکسپریس کو صبح 9:50 بجے محبوب نگر پہونچنا ہے لیکن 40 منٹ کی تاخیر سے پہونچ رہی ہے۔ جمعہ کے دن تو 2 گھنٹے تاخیر ہوجاتی ہے۔ جس سے محبوب نگر ، دیور کدرہ، جڑچرلہ کے مسافروں کو شدید تکالیف کا سامنا ہے۔ عوام کا پرزور مطالبہ ہے کہ محبوب نگر اسٹیشن پر مزید 2 پلیٹ فارمس تعمیر کئے جائیں۔