محبوب نگر متحدہ ضلع میں 400 افراد ہوم کورنٹائن

   

ایس وی ایس نرسنگ کالج میں 70 بستروں وارڈ کا قیام ، حکومت کی غیر معمولی چوکسی
محبوب نگر /4 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ایک ہفتہ قبل تک بھی متحدہ ضلع محبوب نگر کوروناوائرس سے محفوظ تھا ۔ لیکن مارچ کے آخری ہفتہ میں یہ خطرناک وارئس ضلع میں دبے پاؤ داخل ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ متحدہ ضلع میں 3 اپریل کو 15 پازیٹیو کیسیس درج کئے گئے ۔ روز بہ روز بڑھتے ہوئے کیسیس سے عوام بڑی تشویش میں مبتلا ہیں ۔ 15 کیسیس میں سے گدوالی ضلع کے شانتی نگر سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی موت ہوگئی ۔ متحدہ ضلع میں شامل تمام اضلاع کے انتظامیہ نے متاثرہ افراد ان کے رشتہ داروں اور متعلقین کی تفصیلات حاصل کرنا شروع کردیا ہے ۔ کہاں کہاں گئے تھے اور ان کی کن کن سے ملاقات ہوئی ہے ۔ متحدہ ضلع میں احتیاطی اقدامات کے طور پر 400 افراد کو ہوم کورنٹائن کردیا گیا ہے ۔ ضلع میں کورونا وارئس سے متاثرین کی تفصیلات اس طرح ہیں ۔ ضلع محبوب نگر 7 ، گدوال 6، ناگرکرنول 2 جبکہ نارائن پیٹ اور ونپرتی میں تاحال کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے ۔ گدوال ناگرکرنول کے جو کیسیس درج کئے گئے ہیں وہ دہلی کے تبلیغی اجتماع میں شرکت کے بعد واپس ہوئے ہیں ۔ اس کے علاوہ محبوب نگر کے 30 گدوال کے 41 ناگرکرنول کے 1 افراد کی میڈیکل رپورٹ کا انتظار ہے ۔ پازیٹیو رپورٹ والے افراد کی میڈیکل رپورٹ کا انتظار ہے ۔ حکام آنے والی رپورٹ کے تعلق سے کافی فکر مند دکھائی دے رہے ہیں۔ پازیٹیو رپورٹ والے افراد کے ارکان خاندان کو کورنٹائن سنٹر منتقل کردیا گیا ہے ۔ ضلع محبوب نگر کے 14 افراد کو آئسولیشن میں رکھ کر علاج کیا جارہا ہے اور پازیٹیو رپورٹ والے افراد سے ملاقات یا تعلق رکھنے والے 321 افراد کو بھی ہوم کورنٹائن کردیا گیا ہے جبکہ گدوال میں پازیٹیو والے افراد کے 24 ارکان خاندان کو آئسولیشن میں رکھا گیا ہے اور ناگرکرنول میں پازیٹیو والے افراد سے تعلق رکھنے والے 34 افراد کو بھی ہوم کورنٹائن کردیا گیا ہے ۔ گدوال کے ایک شخص کے فوت ہونے کے بعد حکومت نے اس علاقہ کو ہاٹ اسپاٹ قرار دے دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اس ضلع سے 47 افراد کی دہلی کے اجتماع کے شرکاء کی حیثیت سے شناحت کی گئی ہے ۔ جمعہ کے دن مزید 5 افراد کی رپورٹ پازیٹیو آنے سے حکومت نے غیر معمولی چوکسی اختیار کی ہے ۔ پازیٹیو رپورٹ والے افراد کے گھروں سے 2 کیلومیٹر تک عہدیدار کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ دیہی علاقوں میں یہ فاصلہ 3 کیلومیٹر ہے ۔ باہر کے افراد کو یہاں آنے کی اور نہ یہاں سے کسی کو باہر جانے کی اجازت ہے ۔ صرف میڈیکل ٹیم گھر گھر پہونچ کر سروے کر رہی ہے ۔ تازہ تفصیلات کے بموجب مستقر محبوب نگر پر دہلی سے واپس ہوئے ایک شخص کا ٹسٹ منفی ہے ۔ تاہم ان کی والدہ اور فرزند کی رپورٹ پازیٹیو آئی ہے ۔ انتظامیہ تعجب میں ہے اور بڑی گہرائی سے تحقیقات میں مصروف ہے ۔ سرکاری اطلاع کے مطابق محبوب نگر کے ایس وی ایس نرسنگ کالج میں 70 بستروں والے کورنٹائن وارڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ جہاں 5 ڈاکٹرس اور 4 نرسنگ اسٹاف کی خدمات حاصل کی گئی ہے ۔