محبوب نگر مجالس مقامی ایم ایل سی نشست پر بی آر ایس کو کامیابی

   

نوین کمار ریڈی کی کے سی آر سے ملاقات
حیدرآباد۔/2 جون، ( سیاست نیوز) یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کے دوران اپوزیشن بی آر ایس کو ایک اہم کامیابی اس وقت ملی جب محبوب نگر مجالس مقامی ایم ایل سی نشست پر بی آر ایس کے امیدوار نوین کمار ریڈی کو کامیابی حاصل ہوئی۔ نوین کمار ریڈی کو کانگریس امیدوار ایم جیون ریڈی پر 111 ووٹ کی اکثریت حاصل ہوئی۔ پہلے ترجیحی ووٹ کی رائے شماری کے دوران بی آر ایس امیدوار کو کامیاب قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ ریونت ریڈی نے اپنے ضلع محبوب نگر کی اس نشست پر کانگریس کی کامیابی کیلئے خصوصی دلچسپی لی تھی۔ آج ووٹوں کی گنتی کا صبح 8 بجے محبوب نگر گورنمنٹ بوائز جونیر کالج میں آغاز ہوا۔ جملہ 1439 رائے دہندوں نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا جن میں 21 ووٹ ناکارہ قرار دیئے گئے باقی 1416 ووٹ میں بی آر ایس کو 763 اور کانگریس کو 652 ووٹ حاصل ہوئے۔ متحدہ محبوب نگر ضلع کی اس نشست پر سابق میں منتخب بی آر ایس کے نارائن ریڈی نے انحراف کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی اور وہ کلواکرتی اسمبلی حلقہ سے منتخب ہوئے۔ کونسل سے ان کے استعفی کے بعد یہ نشست خالی ہوئی جس پر 28 مارچ کو رائے دہی ہوئی تھی۔ اسی دوران کامیابی کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے بعد نوین کمار ریڈی نے بی آر ایس سربراہ کے سی آر سے ملاقات کی۔ کے سی آر نے نوین کمار ریڈی اور محبوب نگر ضلع سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس قائدین کو مبارکباد پیش کی۔1