ہزاروں عاشقان رسولؐ کی شرکت، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ نے استقبال کیا
محبوب نگر۔/30 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر محبوب نگر پر 11 ربیع الاول کی شب اور 12 ربیع الاول کو جشن میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ شہر کی تقریباً تمام مساجد میں میلادالنبی ؐ و سیرت النبیؐ کے عنوانات پر مقامی و بیرونی علماء کرام کے خطابات ہوئے اور مشہور نعت خواں حضرات نے بارگاہ رسالت مآبؐ میں ہدیہ نعت پیش کئے۔ 12 ربیع الاول بروز جمعرات بعد نماز عصر مکہ مسجد سے مرکزی میلاد جلوس کا اہتمام کیا گیا۔ ہزاروں عاشقان رسول ؐ بالخصوص نوجوان بڑی تعداد میں شریک تھے۔ مولانا سید عبدالرزاق شاہ قادری سجادہ نشین درگاہ حضرت مردان علی شاہ قادری ؒ ، سید غوث محی الدین صدر قاضی، سید افروز شاہ قادری کارگذار صدر مرکزی اہل سنت وجماعت و جلسہ کمیٹی نے جلوس کی قیادت کی۔ جلوس میں معتمد انور پاشاہ ، عبدالہادی ایڈوکیٹ، این پی وینکٹیش ایڈوکیٹ قائد کانگریس، عبیداللہ کوتوال، شفیع الدین قادری مقصود بن احمد ذاکر ایڈوکیٹ، سعادت اللہ حسینی، تقی حسین تقی، مرزا قدوس بیگ، عبدالرافع ذکی و دیگر شامل تھے۔ جلوس امبیڈکر سرکل پہنچا جہاں قومی یکتا کمیٹی کے رفیق احمد قادری نے جلوس کے استقبال کیلئے شامیانہ نصب کیا تھا۔ ریاستی وزیر وی سرینواس گور نے جلوس کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کانگریس قائد ملوروی، ضلع ایس پی نرسمہا، عبدالرحمن چیرمین اگریکلچر مارکٹ کمیٹی، ظہیر اختر، عظمت علی ، امتیاز اسحاق چیرمین اقلیتی فینانس کارپوریشن، محمد مقبول ، حنیف احمد، محسن خان، مرزا جاوید بیگ، محمد شبیر و دیگر موجود تھے۔ جلوس درگاہ حضرت مردان علی شاہ ؒ پہنچ کر مرکزی جلسہ میں تبدیل ہوگیا۔ مہمان مقرر مولانا احمد نقشبندی ، وارث پاشاہ قادری نے مخاطب کیا۔ محمد ابراہیم نقشبندی نے کارروائی چلائی۔ سید شاہ محمد الیاس،مجاہد قادری، میر شعیب علی، جہانگیر پاشاہ قادری صابر قادری، خواجہ قطب الدین، عبداللہ شنی نے انتظامات میں حصہ لیا۔