محبوب نگر میڈیکل کالج سے 150 طلبہ کو ڈاکٹرس کی ڈگری

   

ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا اظہار مسرت، جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب
محبوب نگر ۔ تلنگانہ کے قیام کے بعد سب سے پہلے محبوب نگر میں قائم شدہ میڈیکل کالج سے 150 ڈاکٹرز کا کامیابی کے ساتھ ڈگری حاصل کرنا آج ہم سب کیلئے باعث فخر ہے ۔ ان خیالات کااظہار منگل کی شام محبوب نگر میڈیکل کالج کے کانوکیشن ( جلسہ تقسیم اسناد) کو مخاطب کرتے ہوئے ریاستی وزیر آبکاری سرینواس گوڑ نے کیا۔ وہ بحیثیت مہمان خصوصی تھے ۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر میڈیکل کالج کے قیام کیلئے کئی ایک مشکلات کا سامنا رہا لیکن کالج منظور کروالیا گیا۔ آج 150 طلباء ڈاکٹر بن گئے ہیں ۔ یہ مسرت کی بات ہے ۔ انہوں نے ان ڈاکٹرز کو مشورہ دیا کہ ڈاکٹر کی ڈگری حاصل کرنا بڑی بات نہیں لیکن انسانی خدمات کے سلسلہ کو جاری اور باقی رکھنا بڑی بات ہے۔ ڈاکٹرز کی خدمات کو سماج کبھی فراموش نہیں کرتا اور دنیا میں ڈاکٹر کی جتنی عزت ہے کسی اور کو نہیں ملتی ۔ کورونا کے دوران بھی محبوب نگر میڈیکل کالج نے اطمیمان بخش خدمات پیش کی ۔ اس کالج کو تمام سہولتوں سے آراستہ کیاگیا اور محبوب نگر جنرل ہاسپٹل سے مربوط کالج نے اطمینان بخش خدمات پیش کی ۔ اس کالج کو تمام سہولتوں سے آراستہ کیاگیا اور محبوب نگر جنرل ہاسپٹل سے مربوط کیاگیا ۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر کلکٹریٹ کی قدیم عمارت کی جگہ پر عنقریب سوپر اسپشالیٹی ہاسپٹل کی تعمیر کا آغاز کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر ریاستی کوآپریٹیو گودام چیرمین سائی چند میڈیکل کالج ڈائرکٹر نواکلیانی ، گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رام کشن ، تلنگانہ آئی ایم اے صدر ڈاکٹر سمپت کمار،۔ ضلع آئی ایم اے صدر رام موہن ، یمنس کے سابق ڈائرکٹر ڈاکٹر پرساد راؤ ، ڈاکٹر وجئے ، ایڈیشکل ایس پی رملو ، ڈاکٹر جیون ، پالمور یونیورسٹی کے وائس چانسلر لکشمی کانت راتھوڑ بھی موجود تھے ۔