محبوب نگر میڈیکل کالج کو قطعی منظوری 150 ایم بی بی ایس نشستوں کی دستیابی

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔ تلنگانہ میں میڈیکل ایجوکیشن کو مزید تقویت حاصل ہوئی کیونکہ نیشنل میڈیکل کمیشن نے محبوب نگر میڈیکل کالج کو قطعی منظوری دیدی ۔ کالج میں کالوجی نارائن راو یونیورسٹی آف ہیلت سائینسیس کے تحت جملہ 150 ایم بی بی ایس نشستیں دستیاب رہیں گی ۔ نیشنل میڈیکل کمیشن سے جاری مکتوب میں کہا گیا کہ ایم بی بی ایس ڈگری کیلئے انڈر گریجویٹ کورس کیلئے مسلمہ حیثیت کی منظوری سال 2021-22 کیلئے دیدی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ جاریہ کورونا کی وجہ سے یہ عارضی منظوری دی گئی ہے ۔ ڈاکٹر پی سرینواس ڈائرکٹر گورنمنٹ میڈیکل کالج محبوب نگر نے بتایا کہ 150 ایم بی بی ایس نشستوں کیلئے قطعی منظوری تلنگانہ کی ایک بڑی کامیابی ہے ۔ میڈیکل کالج کے عملہ اور طلبا کی جانب سے وہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کے علاوہ محبوب نگر رکن اسمبلی وی سرینواس گوڑ سے اظہار تشکر کرتے ہیں کہ انہوں نے میڈیکل کالج کے قیام میں مدد کی ۔ سال گذشتہ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راو نے محبوب نگر میڈیکل کالج کے مکمل کیمپس کا افتتاح انجام دیا تھا ۔ یہ کالج 50 ایکڑ اراضی پر محیط ہے جو محبوب نگر ٹاون سے 9 کیلومیٹر کے فاصلے پر ہے ۔ اس کالج کی عمارت کو 130 کروڑ روپئے کے صرفہ سے تعمیر کیا گیا ہے ۔ سارے کیمپس پر جملہ 450 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں۔