ایک ملزم مفرور ،اراضی تنازعہ پر حملہ کا انکشاف ، ضلع ایس پی کی پریس کانفرنس
محبوب نگر /15 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محبوب نگر پولیس نے 7 فروری کو مستقر محبوب نگر کے بایماں توٹہ علاقہ میں پیش آئے اقدام قتل کے ملزمین کو گرفتارکرلیا ۔ ضلع ایس پی محبوب نگر کے نرسمہا نے ایس پی آفس کے کانفرنس ہال میں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے تفصیلات سے واقف کروایا اور ملزمین کومیڈیا کے سامنے پیش کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمین کو پالمور یونیورسٹی کے قریب تنقیح کے دوران گرفتارکرلیا گیا ۔ ملزمین محمد عاصم ، محمد احمد عرف احمد چنگاری ، محمد نواز ، محمد رحمت ، محمد غوث المعروف گورے با کو پیش کیا جبکہ محمد اعجاز فرار ہے ۔ انہو ںنے حملہ کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا کہ معاملہ محبوب نگر کے نواحی علاقہ کی ایک اراضی کا تنازعہ ہے جوکہ ملزمین اور حبیب الرحمن کے رشتہ کے بھائی علیم کے درمیان چل رہا تھا ۔ ملزمین عاصم احمد اور محمد اعجاز نے حبیب الرحمن کو راستہ سے ہٹانے کیلئے محمد غوث ، محمد نواز اور رحمت کو ذمہ داری دی ۔ حبیب الرحمن کی نقل و حرکت پر نظر رکھی گئی ۔ 7 فروری کی شب حبیب الرحمن اپنے بیٹے کے ساتھ ہاسپٹل سے واپس گھر جارہے تھے کہ ملزمین نے موقع پاکر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کردیا ۔ جس میں یہ دونوں شدید زخمی ہوگئے ۔ ضلع ایس پی نے کہا کہ تمام 6 ملزمین پر پی ڈی ایکٹ لگایا جائے گا ۔ ضلع ایس پی نے اس طرح کی حرکات پر سخت انتباہ دیا اور کہا کہ جعلی دستاویزات کی تیاری میں شامل تمام پر پی ڈی ایکٹ بھی لگایا جائے گا ۔ انہوں نے ملزمین کی گرفتاری پر ڈی ایس پی ٹی مہیش ، سرکل انسپکٹر ٹو ٹاون ، سرکل انسپکٹر رورل کو مبارکباد دی ۔
