محبوب نگر میں ایک ماہ بعد آر ٹی سی کو 12 کروڑ سے زائد کا نقصان

   

محبوب نگر۔/6 نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کے نتیجہ میں ایک طرف جہاں عوام کو مشکلات اور تکالیف کا سامنا ہے تو دوسری طرف آر ٹی سی زبردست خسارہ سے دوچار ہوتی جارہی ہے۔ آر ٹی سی ہڑتال کو ایک مہینہ مکمل ہوچکا ہے۔ ذرائع کے مطابق متحدہ ضلع محبوب نگر کو ہڑتال کے دوران زائد از 12 کروڑ سے زائد خسارہ برداشت کرنا پڑا ہے۔ متحدہ ضلع محبوب نگر میں جملہ 9 بس ڈپوز کے تحت 840 بسیں چلائی جاتی ہیں۔ ہڑتال کے دوران بڑے بڑے تہوار بھی جیسے دسہرہ، دیپاولی سے آر ٹی سی کو زائد آمدنی ہوتی تھی اب کی مرتبہ ہڑتال کی وجہ سے اس آمدنی سے بھی ہاتھ دھونا پڑا۔ عارضی ڈرائیورس کی اکثریت ناتجربہ کار ہے جس کی وجہ سے ڈیزل بھی زیادہ خرچ ہورہا ہے۔ یومیہ آمدنی کو اصل سے کم بتاتے ہوئے رجسٹر میں رقم بھی کم درج کی جارہی ہے۔ پرائیویٹ ٹراویلس والے حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لوٹ مار جاری رکھے ہوئے ہیں۔