دیہی عوام کو سہولیات فراہمی کیلئے ٹی آر ایس حکومت کوشاں، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا خطاب
محبوب نگر : پالمور رنگاریڈی لفٹ اریگیشن اسکیم کے ذریعہ ضلع کے تمام کنٹوں اور تالابوں کو سیراب کرتے ہوئے کسانوں کو معقول پانی سربراہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر سرینواس گوڑ نے آج ضلع کے دیور کدرہ اور موسیٰ پیٹھ منڈلوں کے دیہاتوں میں تعمیر کردہ رعیتو ویدیکا (کسانوں کا پلیٹ فارم) و دیگر ترقیاتی کاموں کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے جانم پیٹ رعیتو ویدیکا اور دھان فروخت کے مرکز کا بھی افتتاح انجام دیا۔ موسیٰ پیٹھ منڈل مستقر پر 20 لاکھ کی لاگت سے تعمیر کردہ زائد کلاس رومس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انھوں نے بات کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ کی علیحدگی کے بعد زبردست تبدیلیاں عمل میں آئی ہیں۔ برقی اور پینے کے پانی کے مسائل سنگین تھے اور دیگر ضروری مسائل حل طلب تھے۔ ٹی آر ایس حکومت نے ان تمام مسائل پر قابو پالیا۔ رعیتو بندھو، رعیتو بیمہ پنشن اور ڈبل بیڈ رومس کی فراہمی کے علاوہ دیہی عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کوشاں ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ ریاست میں 1000 ریزیڈنشیل اسکولس میں معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ بہتر غذا (باریک چاول) کے ساتھ دی جارہی ہے۔ گزشتہ 6 برسوں میں 8 کروڑ سے زائد پنشن کی ادائیگیاں کی گئی ہیں۔ اس موقع پر انھوں نے کلیانہ لکشمی اور شادی مبارک کے چیکس مستحقین میں تقسیم کئے۔ دیور کدرہ کے رکن اسمبلی آر وینکٹیشور ریڈی نے کہاکہ موسیٰ پیٹھ کو عنقریب ماڈل ٹاؤن میں تبدیل کیا جائے گا۔ پروگرام میں اے ڈی اگریکلچر لکشمن راؤ، کوآرڈی نیٹر رگھوپتی ریڈی و دیگر موجود تھے۔