محبوب نگر میں ترقی کے نام پر بدعنوانیاں عروج پر

   

کانگریس امیدوار کی کامیابی کیلئے ہر ممکن کوشش کا تیقن، پی سرینواس ریڈی کا بیان

محبوب نگر ۔ 29 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس ہائی کمان جس کسی کو بھی ٹکٹ حوالے کرے گی اس کی کامیابی کے لئے بحیثیت کارکن محنت کروں گا۔ یہ وضاحت سابق ایم ایل اے محبوب نگر ینم سرینواس ریڈی نے کی جو حال ہی میں بی جے پی سے کانگریس میں شامل ہوئے اور پہلی مرتبہ ضلع کانگریس دفتر میں پریس کانفرنس سے مخاطب تھے۔ انہوں نے بتایا کہ علیحدہ تلنگانہ جدوجہد میں آگے آگے رہا، بے لوث ہوں، داغدار نہیں ہوں تلنگانہ سے ڈکٹیٹر شپ کے خاتمہ کے لئے میں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ عنقریب دیگر کئی قائدین کانگریس میں شامل ہونے والے ہیں۔ انہوں نے حلقہ اسمبلی محبوب نگر کی ترقی کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کے نام پر بدعنوانیاں عروج پر ہیں۔ اگر کہیں 4 افراد مل جل کر بات کرتے ہیں تو ان پر خوف طاری رہتا ہے کہ کونسے پولیس اسٹیشن سے انہیں فون آئے گا۔ نہ صرف یہاں بلکہ تلنگانہ بھر کا یہی حال ہے۔ انہوں نے پھر دہرایا کہ حلقہ اسمبلی محبوب نگر سے ہائی کمان جس کسی کو بھی ٹکٹ دے گی اس کی کامیابی کے لئے کوئی کسر باقی نہیں رکھوں گا۔ انہوں نے دیگر قائدین و کارکنوں کو بھی محنت کے لئے تیار رہنے کا مشورہ دیا۔ اس موقع پر صدر ضلع کانگریس مدھو سدھن ریڈی، ریاستی کانگریس جنرل سکریٹری ونود کمار، بی سدھاکر ریڈی، رادھا امر، بنہر سراج قادری و دیگر موجود تھے۔