محبوب نگر میں جرائم کی روک تھام کیلئے اقدامات

   

ضلع ایس پی کی کارکردگی پر ڈی جی پی کا اظہار اطمینان ، پولیس کو ہمیشہ مستعد رہنے پر زور

محبوب نگر ۔ عام آدمی کو انصاف دلانے کیلئے محکمہ پولیس ہمیشہ مستعد رہے ۔ اور یہی وہ طریقہ ہے جس سے عوام کا اعتماد حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس یم مہیندر ریڈی نے آج دوپہر ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ لاء اینڈ آرڈر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایات دیں۔ ویڈیو کانفرنس میں ضلع ایس پی آر وینکٹیشورلو نے ڈی جی پی کو واقف کروایا کہ جرائم و حادثات کی روک تھام کیلئے قبل از وقت اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں کارڈن سرچ کے ذریعہ جرائم سے محفوظ رہنے کیلئے عوام میں شعور بیداری مہم جاری ہے ۔ وارنٹ اور سمن بروقت پہونچانے کیلئے سرکل سطح پر پولیس ہمیشہ تشکیل دی گئی ہیں ۔ مقامی مسائل کی نشاندہی اور عوام میں آپسی نااتفاقی اور خصومت کے خاتمہ کیلئے دیہی سطح کے عہدیدار ماہانہ اجلاس کا انعقاد عمل میں لارہے ہیں ۔ ویڈیو کانفرنس میں ڈی جی پی نے ایس پی کے اقدامات پر اطمینان ظاہر کیا ۔ اجلاس میں ایس پی ایڈمن این وینکٹیشورلو ڈی ایس پی سریدھر ، انسپکٹرز ، سب انسپکٹرز و دیگر موجود تھے ۔