محبوب نگر میں جماعتی مسلم قائدین کا آج احتجاجی دھرنا

   

کل جماعتی مشاورتی اجلاس ، مسلمانوں پر حملے کے خلاف اظہار ناراضگی

محبوب نگر /18 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کل جماعتی مسلم قائدین رابطہ کمیٹی محبوب نگر کے زیر اہتمام آج بعد نماز جمعہ تلنگانہ چوراہاپر احتجاجی دھرنا منظم کیا جائے گا ۔ کل جماعتی مسلم قائدین رابطہ کمیٹی قائدین کا ایک مشاورتی اجلاس آج ایس ایم فنکشن ہال محبوب نگر میں منعقد ہوا ۔ محمد محسن خان کنوینر کمیٹی نے اجلاس کی صدارت کی ۔کل جماعتی قائدین نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی انتخابات کے نتائج کے بعد سے ملک بھر میں مسلمانوں پر منظم حملوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ ماب لنچنگ ، مسلمانوں کی املاک کی تباہی اور حال ہی میںمہاراشٹرا کے کولہاپور میں وشال گڑھ کی مسجد رضا پر حملے کے خلاف احتجاج منظم کیا جائے گا۔ 19 جولائی جمعہ بعد نماز جمعہ مستقر محبوب نگر کے تلنگانہ چوراہے پر احتجاج منظم کیا جائے گا ۔ بعد ازاں ضلع کلکٹر کے توسط سے صدر جمہوریہ کو یادداشت روانہ کی جائے گی ۔ عامتہ المسلمین بالخصوص نوجوانوں سے بڑی تعداد میں دھرنا شامل ہونے اور اپنے جذبات کا اظہار کرنے کی پرخلوص اپیل کی گئی ہے ۔ اجلاس میں خواجہ فیاض الدین انور پاشاہ ، محمد عبدالہادی ایڈوکیٹ ، رفیق احمد قادری ، عبدالرافع ذکی مقصود بن احمد ذاکر ایڈوکیٹ ، محمد احمد ثناء ، تقی حسین تقی ، مرزا قدوس بیگ، حافظ ادریس ، خالد نوید ، محمد فیاض ، یوسف بن ناصر عامر سہیل ، محمد معز ، شیخ عبداللہ ، محمد عبدالرحمن ، نور اللہ خان ، طیب باشوار ، محمد تقی ، محمد عبدالرحیم تاجر، محمد عمران ، علیم صدیقی و دیگر موجود تھے ۔