محبوب نگر میں رکن اسمبلی کے ہاتھوں ٹیلی میڈیسن سسٹم کا آغاز

   

خانگی ڈاکٹرس سے طبی جانچ کا انتظام، ضلع کلکٹر و دیگر کی شرکت

محبوب نگر۔12 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کسی بھی بیماری سے متاثر مریض کے علاج کے لیے ٹیلی میڈیسن سسٹم کا آغاز عمل میں لایا جارہا ہے۔ آج دو پہر کلکٹریٹ محبوب نگر میں ٹیلی میڈیسن کنٹرول روم کا افتتاح کرتے ہوئے ریاستی وزیر سرینواس گوڑ نے اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کا کوئی بھی فرد کسی بھی مرض سے متاثر ہوتو کنٹرول روم کے فون 08542-226670 پر فون کرکے اپنی تکلیف سے واقف کروائیں تو قریبی پرائمری ہیلتھ سنٹر پر موجود اسپیشلٹ یا خانگی ڈاکٹر کے ذریعہ علاج کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ فون پر ڈاکٹر سے بات کرنے کے بعد ڈاکٹر کی تجویز کردہ دوائوں کا کاغذ ٹیلی میڈیسن کنٹرول روم کو واقف کروانا ہوگا۔ کنٹرول روم کا عملہ فارماسسٹ کی منظوری لے کر قریبی فارمیسی سے ربط پیدا کرکے دوائیں مریض کے مقام تک پہنچائے گا۔ ٹیلی میڈیسن سسٹم کے ذریعہ مریضوں کی خدمات کے لیے ضلع کے 24 پرائمری ہیلتھ سنٹرس میں 26 ڈاکٹرز اور 43 خانگی ڈاکٹرز اور 210 اے این ایمس کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ضلع کلکٹریٹ میں قائم کنٹرول روم پر 24 گھنٹے 2 ایمبولینس ہمیشہ دستیاب رہیں گی۔ تاکہ ا یمرجنسی میں مریضوں کو سہولت دستیاب رہے اور مریضوں کو گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل یا ایس وی ایس منتقل کیا جاسکے۔ انڈین میڈیکل اسوسی ایشن اور ٹیلی میڈیسن کے اشتراک سے اس سروس کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے خدمات کی فراہمی پر ستائش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاک ڈائون کے دوران جو بھی کیسس درج ہوں گے انہیں اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کی خدمات فراہم ہوں گی اور کورنا کے خاتمہ کے بعد بھی ٹیلی میڈیسن سسٹم جاری رہے گا۔ ضلع کلکٹر وینکٹ رائو نے کہا کہ اس سسٹم کے تحت مریضوں کو 24 گھنٹے بہتر علاج فراہم کیا جائے گا۔ ضلع ایس پی ریماربھیشوری نے کہا کہ لاک ڈائون کے دوران یہ سسٹم عوام کے لیے بڑی نعمت ہے۔ عوام اس خدمات سے بھرپور استفادہ کریں۔ پولیس کی خدمات بھی ہمیشہ دستیاب رہیں گی۔ اس موقع پر ڈاکٹر سیمیول نے ایک لاکھ روپئے کا چیک پولیس ویلفیر کے لیے ضلع ایس پی کے حوالے کیا۔ آئی ایم اے کے ضلع صدر رام موہن نے کہا کہ آئی ایم اے کی جانب سے خصوصی ڈاکٹرز کی خدمات اور 3 ایمبولینس فراہم کئے گئے ہیں لاک ڈاوئن کے دوران خانگی ڈاکٹرز بھی مفت علاج کریں گے اس موقع پر ڈاکٹر زور دیگر عہدیدار موجود تھے۔