محبوب نگر میں سڑک کی توسیع کے کاموں میں سرعت

   

محبوب نگر ۔ 14 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : مستقر محبوب نگر ہر سڑک کی توسیع کے کاموں میں سرعت پیدا ہوچکی ہے ۔ سڑک کی توسیع کی زد میں آنے والے دکانات / مکانات کے مالکین کو ڈی ٹی آر بانڈز کی اجرائی کے لیے اگریمنٹ کے دستاویزات کی تیاری کا عمل شروع ہوچکا ہے ۔ مال اور بلدیہ کے عہدیداروں پر مشتمل 20 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ ہر ٹیم میں 4 عہدیدار شامل ہیں ۔ یہ ٹیمیں ینگنڈہ تا پالمور یونیورسٹی سڑک کے دونوں طرف عمارتوں کا سروے کررہی ہیں ۔ سڑک کی 120 فٹ توسیع کے پیش نظر جو مارکنگ کی گئی تھی مالکین کو پھر سے واقف کروا رہی ہیں اور ان سے ڈکلریشن حاصل کررہی ہیں اس پروگرام کی راست نگرانی ایڈیشنل کلکٹر (لوکل باڈیز ) موہن لال کررہے ہیں وہ راست مالکین سے بات کررہے ہیں اور انہیں سڑک کی توسیع کی ضرورت سے واقف کروا رہے ہیں کہ ٹریفک مسئلہ پر قابو حاصل ہوگا ۔ بڑھتی ہوئی گاڑیوں میں اضافہ کے لیے توسیع ضروری ہے اور شہر کی خوبصورتی بھی بڑھے گی لہذا آپ تعاون کریں ۔ جملہ 956 عمارتیں سڑک کی توسیع کی زد میں آرہی ہیں ۔ جس میں سے 306 مالکین نے بلدیہ کو اپنی رضا مندی سے مطلع کردیا ہے جن کے لیے ڈی ٹی آر بانڈز تیار کیے جارہے ہیں ۔ صرف جمعہ کے دن ہی ان ٹیموں نے 259 مالکین سے ملاقاتیں کی ہیں ۔ ایڈیشنل کلکٹر نے بتایا کہ دو ہفتوں میں یہ کام مکمل کرتے ہوئے ڈی ٹی آر بانڈز تیار کیے جائیں گے ۔۔