روزنامہ سیاست کے 75 سالہ جشن کے موقع پر نئی نسل میں ادبی ذوق و شوق بیدار کرنے کی کوشش
محبوب نگر /12 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) روزنامہ سیاست کے زیر اہتمام 15 اکٹوبر بروز ہفتہ شام 7 بجے منعقد ہونے والے عظیم الشان مزاحیہ مشاعرہ و صوفیانہ کلام کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے تمام امور کو قطعیت دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد سے جناب زاہد فاروقی انچارج سیاست ٹی وی اور جناب خیرالدین بیگ جانی نے محبوب نگر کا دورہ کرتے ہوئے مقامی ذمہ داروں سے مشاورت کی اور مشاعرے کے مقام الماس فنکشن ہال کا معائنہ کیا اور دیگر تمام امور کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامات کو قطعیت دی ۔ بعد ازاں جناب زاہد فاروقی اور خیرالدین بیگ ، ایم اے مجیب نے الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست اخبار جو صرف اخباری ہی نہیں بلکہ ایک تحریک اور فکر کا نام ہے جو اپنے 75 سالہ جشن کے پرمسرت موقع پر عوام کو ان خوشیوں میں شریک کرنے اور اردو زبان کی ترقی استحکام کے ساتھ نئی نسل کو اردو زبان سے واقفیت اور ان میں ادبی ذوق و شوق کو بیدار کرنے کے علاوہ حضرات صوفیاء کرام کے تعمیری و اصلاحی کلام کو عوام میں روشناس کروانے کی غرض سے محبوب نگر کی اس ادبی زر خیر سرزمین پر ایک عظیم الشان مزاحیہ مشاعرہ و صوفیانہ کلام کا 15 اکٹوبر کو الماس فنکشن ہال میں منعقد کیا جارہا ہے ۔ جس کی صدارت جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست انجام دیں گے ۔ جبکہ اس مشاعرہ میں وحید پاشاہ قادری ، لطیف الدین لطیف، چچا پالموری ، شبیر خان، شبن خان ، زوفی مرزا ، صوفی گلورکار عمران خان کے علاوہ دیگر شعراء کرام حصہ لیں گے ۔ اس مشاعرہ کی نظامت جناب منور علی مختصر کریں گے ۔ ان حضرات نے میڈیا کے ذریعہ محبوب نگر اور اطراف کے باشعور و باذوق عوام سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں شریک ہوکر اس مشاعرے کو کامیاب بنائیں اور اپنی اردو دوستی اور ادبی ذوق کا بھرپور ثبوت دیں ۔ اس موقع پر حافظ امجد ،عبدالقوی و دیگر موجود تھے۔ خواتین کیلئے پردہ کا علحدہ نظم رہے گا ۔