محبوب نگر۔/7 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) خاتون پولیس عہدیداران اپنی صحت کو کبھی بھی نظرانداز نہ کریں۔ یہ مشورہ ضلع ایس پی شریمتی جانکی دھراوت نے دیا۔ وہ آج ’’ عالمی یوم خواتین ‘‘ کی مناسبت سے منعقدہ خاتون پولیس عہدیداروں اور ملازمین کیلئے ایک خصوصی پروگرام سے مخاطب تھیں۔ اس موقع پر ایس وی ایس ہاسپٹل کے تعاون سے پولیس پریڈ گراؤنڈ میں فری ہیلت چیک اپ کیمپ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس موقع پر ذاتی طبی مشورے، صحت سے متعلق شعور بیداری سمینار منعقد کیا گیا۔ ایس پی نے خاتون عہدیداروں سے کہا کہ اگر آپ صحت مند ہوں تو معاشرہ کو بہتر خدمات فراہم کرسکتے ہیں۔ ہمارا محکمہ ہمیشہ خواتین کو ملازمت کی ذمہ داریوں کے تناظر میں درپیش صحت کے مسائل کی نشاندہی کرنے اور موثر انداز میں نمٹنے میں مدد کرتا ہے۔ اس کیمپ میں 120 خاتون پولیس ملازمین نے مفت استفادہ کیا۔ اس موقع پر خاتون سب انسپکٹران سجاتا، وسنتا، شویتا ، اندرا اور دیگر نے حصہ لیا۔