مرکز پر تلنگانہ کے کسانوں سے ناانصافی کا الزام ، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا خطاب
محبوب نگر ۔ تلنگانہ کے ساتھ مرکز کا سوتیلا رویہ ناقابل برداشت ہے ۔ لیکن ہم بھی ہمارے حق کیلئے مرکزی حکومت کو جھکا کر ہی رہیں گے ۔ یہ انتباہ ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے آج نیشنل ہائی وے کو بند کرتے ہوئے احتجاجی دھرنا کو مخاطب کرتے ہوئے دیا۔ ان کے ہمراہ ارکان اسمبلی ایل ویکینٹیشور ریڈی، جئے پال یادو ، انجیا یادو ، نریندر ریڈی ، راجندر ریڈی ( تمام متحدہ ضلع محبوب نگر ) کے علاوہ سینکڑوں پارٹی قائدین اور کارکنان موجود تھے ۔ ضلع محبوب نگر کی قومی شاہراہ پر واقع بھوت پور پر اس دھرنا کی قیادت کرتے ہوئے ریاستی وزیر نے بتایا کہ ریاستی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر اس دھرنا کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مرکز سے پرزور مطالبہ ہے کہ تلنگانہ کے دھان خریدے جائیں ۔ پنجاب و دیگر ریاستوں سے مکمل دھان خریدی جارہی ہے تو تلنگانہ کے ساتھ دوہرا رویہ کیوں ہے ۔ کسانوں کے ساتھ بھی مرکز سیاست بند کرے اور انصاف کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلق سے مرکز جب تک پالیسی نہیں بدلتا احتجاج جاری رہے گا ۔