حیدرآباد ۔ 8 ستمبر (سیاست نیوز) ضلع محبوب نگر کے مانم کنڈہ کاکتیہ اسکول کے قریب ایک چیتا کی سڑک پر نعش دستیا ہوئی۔ مقامی عوام نے اس کی نشاندہی کی اور فوری فاریسٹ ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کو اس کی اطلاع دی۔ عوام کا ماننا ہے کہ سڑک عبور کرنے کے دوران نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے چیتا ہلاک ہوگیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی فاریسٹ ڈپارٹمنٹ کے عہدیدار مقام حادثہ پہنچ گئے اور اندازہ لگایا جارہا ہے کہ چیتا کی عمر 2 سال ہے۔ مقامی عوام نے بتایا کہ 12 سال قبل ہی سڑک عبور کرنے کے دوران تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ایک چیتا ہلاک ہوگیا تھا۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے بتایا کہ 167 نیشنل ہائی وے کی دونوں جانب بڑے بڑے پہاڑ اور گھنے جنگلات ہیں جس کی وجہ سے اکثر چیتے سڑک عبور کرتے رہتے ہیں۔ سڑک عبور کرنے کے دوران ہی یہ حادثہ پیش آیا ہے جس میں چیتا ہلاک ہوگیا۔ N