پانی کی نکاسی اور راحت کاری اقدامات کرنے عہدیداروں کو رکن اسمبلی کی ہدایت
محبوب نگر ۔ 24 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گزشتہ شب مستقر محبوب نگر پر موسلادھار بارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں کے عوام کو پھر ایک بار زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مقامی ایم ایل اے ینم سرینواس ریڈی نے نشیبی علاقوں کے عوام سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔ تالاب کا کٹہ ٹوٹ گیا۔ نشیبی علاقوں کے تقریباً مکانات میں پانی جمع ہو جانے سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔ ایم ایل اے نے حکام سے رابطہ کرکے تفصیلات سے واقفیت حاصل کی۔ بشمول میونسپل چیرمین انہوں نے بلدی و دیگر عہدیداروں کو فوری حرکت میں آنے اور راحت کاری کے کام کے لئے سخت ہدایات دیں۔ چنانچہ آج صبح سے ہی بلدی چیرمین آنند کمار گوڑ، کمشنر مہیشور ریڈی، کانگریس قائدین، مارکٹ کمیٹی وائس چیرمین وجئے کمار، سراج قادری و دیگر نے ایم ایل اے کی ہدایت پر اقدامات کا آغاز کیا۔ نئے تالاب کے احاطہ میں جے سی بی کے ذریعہ بہنے والے پانی کی منتقلی کو یقینی بنایا۔ نشیبی علاقوں کے عوام میں شعور بیداری کے لئے اقدامات کئے گئے۔ متاثرین گول مسجد، بی کے ریڈی کالونی کے مکینوں نے سیاست نیوز کو بتایا کہ 2 ہفتہ قبل کی بارش کی تباہی ابھی ختم بھی نہیں ہوئی تھی کہ کل رات کی بارش سے مشکلات نے ہمیں گھیر لیا۔ سڑکوں پر گندا پانی بہہ رہا ہے۔ راستے چلنے کے لائق نہیں رہے۔ رامیا باؤلی کے مکانات میں کئی فٹ پانی داخل ہوچکا ہے۔ منی ٹینک بینڈ کی سڑک استعمال کے قابل نہیں ہے۔ عوام نے بلا تاخیر پانی کی نکاسی کیلئے ضلعی حکام سے مطالبہ کیا ہے۔